Apr ۱۴, ۲۰۱۷ ۱۶:۵۱ Asia/Tehran
  • خان شیخون حملے کی تحقیقات کے لئے کمیٹی تشکیل دی جائے : ایران

کیمیائی ہتھیاروں کے روک تھام کے عالمی ادارے میں ایران کے مستقل مندوب نے خان شیخون کیمیائی حملے کے لئے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کے ادارے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب علی رضا جہانگیری نے ہیگ میں اس ادارے کی ایگزیکٹیو کونسل کے ہنگامی اجلاس میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، آٹھ سالہ مسلط کردہ جنگ میں کیمیائی ہتھیاروں کے بڑے پیمانے پر استعمال کی بھینٹ چڑھ

چکا ہے چنانچہ وہ کسی بھی حالت میں کسی بھی طرح کے عام تباہی پھیلانے والے ہتھیار کے استعمال کی مذمت کرتا ہے۔
جہانگیری نے شام کی الشعیرات فضائی اڈے پر امریکہ کے خود سرانہ حملے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بے بنیاد دعوؤں اور الزامات کی بنیاد پر ایک خود مختار ملک اور حکومت کے خلاف طاقت کا استعمال اور بے گناہ شہریوں کا قتل عام نہ صرف خطرناک اور تخریبی اقدام ہے بلکہ بین الاقوامی قوانین اور ضابطوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے شام اور علاقے کا بحران مزید پیچیدہ ہوگا اور یہ دہشت گرد گروہوں کے مضبوط ہونے کا باعث بنے گا۔
کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کے ادارے میں ایران کے نمائندے نے بعض ملکوں کی جانب سے بلا کسی ثبوت کے دوسروں پر الزام لگانے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور روس، مشترکہ طور پر اس اجلاس میں ایک قرار داد پیش کریں گے جس میں خان شیخون حملے کی تحقیقات کے لئے ایک کمیٹی کی تشکیل کی تجویز دی گئی ہے۔

ٹیگس