ایران اور پاکستان اقتصادی تعاون بڑھانے پر متفق
ایران اور پاکستان نے مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس کے اختتام پر باہمی تعاون کی یاد داشت پر دستخط کردیئے ہیں۔
ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے منگل کے روز مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کے مابین اقتصادی تعاون کے فروغ سے دونوں ملکوں میں پائیدار سلامتی کی تقویت میں مدد ملے گی۔ایران کے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں نے اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے ایک مرکزی اور آٹھ ذیلی کیمٹیاں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ایران اور پاکستان ایک دوسرے کے لیے عظیم منڈی شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سمجھوتے کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کا حجم پانچ ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا۔ایران پاکستان مشترکہ اقتصادی کمیشن میں پاکستانی وفد کے سربراہ اور بین الصوبائی رابطے کے وزیر عبدالقادر بلوچ نے اس موقع پر کہا کہ دونوں ممالک باہمی تجارت کو فروغ دینے میں پرعزم ہیں۔ایران اور پاکستان کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کا بیسواں اجلاس پیر کے روز تہران میں شروع ہوا تھا اور منگل کے روز تعاون کی ایک یادداشت پر دستخط کے بعد ختم ہوگیا ہے۔