Apr ۱۹, ۲۰۱۷ ۱۴:۳۴ Asia/Tehran
  • فوجی کمانڈروں اور اعلی فوجی افسران کی رہبرانقلاب اسلامی سے ملاقات

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے امریکا اور دیگر دشمن طاقتوں کے مقابلے میں استقامت و پائیداری میں ایرانی عوام کی کامیابی پر ایک بار پھر تاکید کی ہے۔

بدھ کو ایران کی مسلح افواج کے کمانڈروں اور افسروں نے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی ۔

رہبرانقلاب اسلامی نے اس موقع پراپنے خطاب میں ملک و قوم کے دفاع میں مسلح افواج کے کارناموں اور فداکاریوں کو اپنی مثال آپ قرار دیا ۔ آپ نے اپنے خطاب میں اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی جانب سے یوم مسلح افواج کے اعلان کی اہمیت پر تاکید کی اور فرمایا کہ حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے اسلامی انقلاب کی کامیابی کے آغازمیں ہی ایک دن فوج سے مخصوص کرکے نیز یوم مسلح افواج کا اعلان فرماکے، فوج کی بنیادوں کے استحکام کے اسباب فراہم کرنے کے ساتھ ہی اسلامی انقلاب کے دشمنوں اور سازشیں کرنے والوں کو مایوس کردیا۔

آپ نے دشمن طاقتوں کے مقابلے میں ایرانی عوام کی ہوشیاری، سیاسی بصیرت اور استقامت و پائیداری کو قابل تعریف بتایا اور فرمایا کہ ایران کے اسلامی نظام کی جڑیں عوام میں ہیں۔ آپ نے فرمایا کہ جو نظام عوام سے متصل ہے اورعوام اس سے قلبی لگاؤ رکھتے ہیں نیز دشمنوں کے مقابلے میں استقامت و پائیداری پر یقین رکھتے ہیں ، اس نظام کا امریکا اور دیگر دشمن طاقتیں کچھ بھی نہیں بگاڑ سکتیں۔

رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ایرانی عوام سے دنیا کی منہ زور طاقتوں اور خاص طور سے امریکہ کی دشمنی میں شک کی کوئی گنجائش نہیں ہے کیونکہ مختلف برسوں میں اس کی دشمنی کا سلسلہ بدستور جاری رہا ہے۔ آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے صدارتی الیکشن نیز دیہی اور شہری کونسلوں کے انتخابات کی اہمیت پربھی تاکید کی اور فرمایا کہ انتخابات زیادہ سے زیادہ پرشکوہ اور عوام کی حد اکثر شرکت کے ساتھ منعقد ہونے چاہئیں۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اتنخابات کے انعقاد کو دنیا بھر میں ایرانی عوام کی سربلندی اور وقار کی علامت قرار دیا اور فرمایا کہ قوم کے دشمن اور بد خواہ عناصر دین و مذہب کو جہموریت کا مخالف قرار دینے کی کوشش کر رہے تھے لیکن ایران میں اسلامی جمہوریت کے قیام اور انتخابات کے ذریعے ان کے دعوے پر خط بطلان کھیچ دیاگیا ہے۔آپ نے انتخابات کے حوالے سے دشمنوں کے ناپاک عزائم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ایران کے عوام پر زور دیا کہ وہ اس کے مقابلے میں پوری ہوشیاری اور بیداری کا مظاہرہ کریں ۔

ٹیگس