Nov ۱۹, ۲۰۲۵ ۱۵:۴۵ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت کی پابندیاں اس علاقے میں امداد پہنچنے میں اصل رکاوٹ ہیں: انروا

فلسطینوں کے لئے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورک ایجنسی انروا نے غزہ پٹی کے بحران پر عالمی سطح پر توجہ دیئے جانے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت کی پابندیاں اس علاقے میں امداد پہنچنے میں اصل رکاوٹ ہیں۔

سحرنیوز/عالم اسلام: انروا کے میڈیا ایڈوائزر عدنان ابوحسہ نے کہا کہ یہ ایجنسی، لاکھوں فلسطینیوں کے لئے انسانی امداد فراہم کرنے کے لئے تمام ضروری وسائل و ذرائع کی حامل ہے لیکن صیہونی حکومت غزہ کے عوام کو مدد فراہم کرنے میں رکاوٹ ڈال رہی ہے۔

عدنان ابوحسنہ نے کہا کہ ان رکاوٹوں کے تسلسل نے لوگوں کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے عمل میں شدید خلل پیدا کردیا ہے۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ انسانی امور میں اقوام متحدہ کے کوآرڈی نیٹر نے بھی سردیوں کا موسم قریب ہونے کے پیش نظر غزہ کے باشندوں کی معاشی صورت حال کے بارے میں خبردار کیا ہے۔

انھوں نے غزہ کے اندر مزید سڑکیں بنانے اور گزرگاہیں کھولنے کا مطالبہ کیا تاکہ عوامی تنظیمیں اور ادارے اس علاقے تک امدادی سامان پہنچا سکیں۔

صیہونی حکومت نے سات اکتوبر دوہزار تیئس سے غزہ کے خلاف جنگ شروع کی لیکن اپنے اہداف میں ناکامی کے با‏عث تحریک حماس کے ساتھ جنگ بندی سمجھوتہ کرنے پر مجبور ہوگئی۔

تحریک حماس نے نواکتوبر کو ایک بیان جاری کر کے غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے بارے میں ایک سمجھوتہ طے پانے کا اعلان کیا۔

صیہونی حکومت کی فوج نے دس مئی دوہزار پچیس کو سرکاری طور پر غزہ جنگ بندی سمجھوتے پر عمل درآمد کی خبر دی لیکن جنگ بندی کے پہلے مرحلے کی شقوں پر عمل درآمد میں مسلسل رخنہ اندازی کر رہی ہے اور ساتھ ہی جنگ بندی سمجھوتے کی باربار خلاف ورزی بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔

 

ٹیگس