Nov ۱۹, ۲۰۲۵ ۱۳:۵۹ Asia/Tehran
  • عمان کے عوام ہمارے بھائی ہیں، اسلامی جمہوریہ ایران اور سلطنت عمان کے درمیان تعاون کی سطح بہت بلند: صدر مملکت

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران اور عمان کے تعلقات استحکام اور قوت کے ساتھ جاری رہیں گے۔

سحرنیوز/ایران: تہران میں نئے عمانی سفیر یعروب بن قحطان بن ناصر البوسعیدی کی اسناد سفارت پیش کرنے کی تقریب میں صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ عمان کے عوام ہمارے بھائی ہیں اور دونوں ممالک کے تعلقات استحکام، بصیرت اور قوت کے ساتھ جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور سلطنت عمان کے درمیان تعاون کی سطح بہت بلند ہے اور دونوں فریق تعلقات کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔  

صدر ایران نے اپنے حالیہ دورۂ مسقط کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سفر کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اہم اور تعمیری معاہدے طے پائے، جن پر عملدرآمد ضروری ہے۔ انہوں نے نئے سفیر کو تاکید کی کہ ان معاہدوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے سرگرم کردار ادا کریں تاکہ دونوں ممالک کو ٹھوس فوائد حاصل ہوں۔  

نئے سفیر نے سلطان عمان ہیثم بن طارق کی جانب سے گرمجوشی پر مبنی پیغام پہنچایا اور ایران کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔  سفیر البوسعیدی نے ایران کے علاقائی کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں ممالک کے جامع تعلقات کو فروغ دینے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ایرانی حکومت کی مثبت اور تعمیری حمایت سے وہ اپنے مشن کو کامیابی سے انجام دیں گے۔

ٹیگس