Apr ۲۲, ۲۰۱۷ ۱۹:۳۹ Asia/Tehran
  • ایران اور پاکستان کے اسپیکروں کی مشترکہ پریس کانفرنس

اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے اسپیکروں نے مختلف میدانوں منجملہ سیکورٹی اور اقتصادی میدانوں میں باہمی تعاون کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے پر زور دیا ہے

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے ہفتے کو تہران میں اپنے پاکستانی ہم منصب کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں دہشت گردی کے خلاف تہران اور اسلام آباد کے تعاون کی ضرورت پر زور دیا - ڈاکٹرعلی لاریجانی نے کہا کہ علاقے میں امن و امان کی برقراری کے سلسلے میں پاکستان کا کردار اہم ہے اور اسی لئے پاکستانی اسپیکر کے ساتھ ملاقات میں علاقے کی سیکورٹی کے مسائل پر خاص طور پر بات چیت ہوئی - ان کا کہنا تھا کہ تہران اور اسلام آباد دوطرفہ تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینا چاہتے ہیں تاکہ علاقے میں مسائل کے حل کے لئے مشترکہ نظریات تک پہنچا جا سکے- ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اپنے پاکستانی ہم منصب کے ساتھ مذاکرات کو مثبت اور تعمیری قراردیا اور کہا کہ مذاکرات کے دوران مختلف معاملات خاص طور پر اقتصادی تعاون کی توسیع کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا -پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر ایازصادق نے بھی اس  مشترکہ پریس کانفرنس میں اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ مسلمانوں کے درمیان اتحاد ویکجہتی کے لئے زیادہ سے زیادہ کوشش کی ضرورت ہے کہا کہ دہشت گردی ایک ایسا مسئلہ ہے جس پر سب کو توجہ دینی چاہئے-  انہوں نے پاکستان میں فوجی ٹریننگ حاصل کرنے کے لئے ایرانی کیڈٹوں کو پاکستان بھیجنے کی بھی درخواست کی اور کہا کہ ایران اور پاکستان کے سیکورٹی کے حکام اور مشیروں کو منظم طریقے سے ایک دوسرے سے ملاقات کرتے رہنا چاہئے اور دونوں ملکوں کی افواج کے تعلقات کو بھی زیادہ سے زیادہ بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے جانے چاہئیں - پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر نے مسئلہ کشمیر کا بھی ذکرکرتے ہوئے کہا کہ یہ مسئلہ سیاسی طریقے سے ہی حل ہوسکتا ہے - انہوں نے ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر سے کہا کہ وہ اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق قدم اٹھائیں -

ٹیگس