ماسکو میں ایران اور ہندوستان کے وزرائے دفاع کی ملاقات
ایران اور ہندوستان کے وزرائے دفاع نے عالمی سلامتی اور علاقائی استحکام کی تقویت کی غرض سے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کی اہیمت پر زور دیا ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق ، ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل حسین دھقان نے ماسکو میں عالمی سیکورٹی کانفرنس کے موقع پر اپنے ہندوستانی ہم منصب کے ساتھ ملاقات اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔
بریگیڈیئر جنرل حسین دھقان نے ایران اور ہندوستان کے درمیان ثقافتی اور تہذیبی رشتوں اور دونوں ملکوں کی جیوپولیٹک اور جیو اسٹریٹیجک اہمیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور ہندوستان کے درمیان سیاسی، دفاعی اور سیکورٹی تعاون کے نتیجے میں علاقائی سلامتی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
ایران کے وزیر دفاع نے دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹیجک سطح پر تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور ہندوستان، انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ اور منشیات کی اسمگلنگ کے خاتمے اور بحری قزاقی کے سدباب کے حوالے سے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون اور تجربات کا تبادلہ کرسکتے ہیں۔
ہندوستان کے وزیردفاع ارون جیٹلی نے اس موقع پر کہا کہ ہندوستان اور ایران کے درمیان پائے جانے والے مشترکہ ثقافتی رشتوں نے دونوں ملکوں کے تعلقات کے فروغ اور علاقائی سلامتی کے تحفظ کی خاطر تعاون کا رجحان پیدا کیا ہے۔
ارون جیٹلی نے مزید کہا کہ ہندوستان اور ایران کے درمیان دفاعی اور سیکورٹی تعاون کے لیے حالات سازگار ہیں اور دونوں ملکوں کے تعلقات میں فروغ کے لیے دفاعی عہدیداروں کے درمیان مذاکرات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔