Apr ۲۷, ۲۰۱۷ ۱۵:۱۳ Asia/Tehran
  • ایران، روس اور شام کا دہشت گردی کے خلاف ہم آہنگی جاری رکھنے پر اتفاق

ایران ، روس اور شام کے وزرائے دفاع نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے باہمی یکجہتی اور مشترکہ اقدامات پر تاکید کی ہے -

ایران ، روس اور شام کے وزرائے دفاع کے دوسرے مشترکہ اجلاس میں شام کے حالات کا جائزہ لیا گیا۔ اس اجلاس میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ایران ، روس اور شام کے درمیان یکجہتی جاری رکھنے پر بھی تاکید کی گئی۔
ایران کے وزیر دفاع حسین دہقان، روس کے وزیردفاع سرگئی شویگو اور شام کے وزیر دفاع فہد جاسم الفریج نے ماسکو میں ہونے والے سہ فریقی اجلاس میں تشدد اور بدامنی کی جڑوں کو اکھاڑنے کے لئے تکفیری وہابی دہشت گرد گروہوں کے خلاف ہمہ گیر اور مشترکہ اقدامات جاری رکھنے کی ضرورت پر تاکید کی۔
ایران، روس اور شام کے وزرائے دفاع نے شام پر امریکی حملے اور اس کی جانب سے دہشت گرد گروہوں کی کھلی حمایت کی مذمت کرتے ہوئےاس شرانگیزی کہ جو علاقے اور دنیا میں دہشت گردانہ اقدامات کے فروغ اور استحکام پر منتج ہوتی ہے، روکے جانے پر تاکید کی۔
بریگیڈیئرجنرل حسین دہقان ، جنرل شویگو اور جنرل الفریج نے اس اجلاس میں امید ظاہرکی کہ مشترکہ وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے بھرپور مشترکہ اقدامات کو فروغ دے کر دہشت گردوں کو تازہ دم ہونے کا موقع نہ دیا جائے اور شام میں قیام امن، اس ملک کی ارضی سالمیت کے تحفظ اور تمام شامیوں کو تشدد و بدامنی سے نجات دینے کی زمین ہموار کی جائے۔
ایران کے وزیر دفاع روسی وزیر دفاع کی دعوت پر بین الاقوامی سیکورٹی اجلاس میں شرکت کے لئے ماسکو کے دورے پر ہیں۔
ماسکو میں ہونے والے بین الاقوامی سیکورٹی اجلاس میں دنیا کے اسی ملکوں کے سات سو نمائندے موجود ہیں۔

ٹیگس