ایران: عالمی یوم مزدور کی تقریب سے صدر مملکت کا خطاب
اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں آج بانی اسلامی انقلاب حضرت امام خمینی (رہ) کے مزار پرعالمی یوم مزدور کی مناسبت سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر حسن روحانی سمیت اعلی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
بانی اسلامی انقلاب حضرت امام خمینی (رہ) کے روضے پرعالمی یوم مزدور کی مناسبت سے منعقد ہونے والی اس خصوصی تقريب ميں ملک بھر كے مزدور يونين كے عہديداروں، ليبر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد اور افرادی قوت كے ميدان ميں شاندار كاركردگی كا مظاہرہ كرنے والے لوگوں نے شركت کی۔ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ملک میں مزدوروں کی خوشحالی کے لئے سازگار فضا قائم کی اور معاشرے میں مزدوروں کے لئے برابری کی سطح پر انصاف اور سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے.
واضح رہے کہ یکم مئی کو مزدوروں کےعالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے، اس دن کو منانے کا مقصد امریکہ کے شہر شکاگو کے محنت کشوں کی جدوجہد کویاد کرنا اور مزدور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔