ایران کے صدارتی امیدواروں کی انتخابی سرگرمیاں
اسلامی جمہوریہ ایران کے بارہویں صدارتی الیکشن کے امیدواروں کی انتخابی سرگرمیاں جاری ہیں اور سبھی چھے امیدوار اپنے اپنے انتخابی منشور اور آئندہ کے پروگراموں سے عوام کو باخبر کررہے ہیں۔
صدارتی امیدوارں کی ساری توجہ، اقتصادی مسائل، روزگار کی فراہمی اور نوجوانوں کے معاملات پر ہے تاہم اگلے ٹی وی مباحثے کے بعد جو سیاسی اور ثقافتی معاملات کے بارے میں ہوگا انتخابی مہم کا دائرہ مزید پھیل جائے گا۔
ابراہیم رئیسی سادات
نامزد صدارتی امیدوار ابراہیم رئیسی سادات نے ایران کے ٹیلی ویژن چینل نمبرایک کے پروگرام ان کیمرے(IN-CAMERA) میں اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ انہوں نے اپنی حکومت کے لئے جو پروگرام تیار کئے ہیں ان کے مطابق ہر سال ملک میں دس لاکھ لوگوں کو روزگار سے لگایا جاسکتاہے کہاکہ اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے گرین ہاؤس ایگری کلچراور صنعت اور کانکنی کو ترقی دی جائے گی اور دس لاکھ روزگار کے مواقع میں سے ساٹھ فیصد مواقع مختلف شعبوں کے سروس سیکٹر میں فراہم کئے جاسکتےہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی ممکنہ حکومت کے پروگراموں میں ملک کے انتظامی اوردفتری نیز معاشی شعبوں میں تبدیلی، مالیاتی اور بینکاری کے نظام میں اصلاحات، گھریلو خواتین کے لئے بیمہ اور سماجی مسائل و مشکلات کا حل شامل ہے۔
محمد باقر قالیباف
بارہویں صدارتی الیکشن کے ایک امیدوار محمد باقر قالیباف نے بھی اتوار کی رات ہمارے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صنعتکاروں اور پیدواری شعبوں میں کام کرنے والوں کی حمایت کرنی چاہئے۔ محمد باقر قالیباف نے کہا کہ امن و سلامتی سرمائے کو وجود میں لاتی ہے لیکن دلالوں کا راستہ بند کرنا ہوگا تاکہ معاشرے میں طبقاتی فاصلوں کا خاتمہ کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنی حکومت میں عوام کے درمیان طبقاتی فاصلوں کو کم کریں گے۔
مصطفی آقام میر سلیم
صدارتی الیکشن کے ایک اور امیدوار مصطفی آقام میر سلیم نے بھی نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پسماندگی کو دور کرنے کے لئے فوری طور پر اقتصادی مسائل کو حل کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ پسماندہ لوگوں کو عزت و احترام دینے کی ضرورت ہے تاکہ اس طبقے میں خود اعتمادی پیدا ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی طبقوں کے درمیان بے پناہ تفریق سے سماجی انصاف کے قیام میں مشکلات پیدا ہوتی ہیں اور طبقاتی فاصلے سماج میں بہت ہی خطرناک ہوتے ہیں۔
اگلا ٹی وی مناظرہ سیاسی اور ثقافتی موضوعات پر
اس درمیان صدارتی الیکشن کی انتخابی مہم کے کمیشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ امیدواروں کے درمیان ۔ صدارتی الیکشن کی انتخابی مہم پر نگرانی کرنے والے کمیشن کے ترجمان سید احسان قاضی زادہ ہاشمی نے ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ کمیشن کی رضامندی سے آئندہ جمعے کو ہونے والا دوسرا براہ راست مناظرہ داخلہ اور خارجہ پالیسی اور ثقافتی موضوعات پر ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ دوسرا مناظرہ پانچ مئی کو ہوگا جبکہ صدارتی امیدواروں کے درمیان تیسرا براہ راست مناظرہ یا مباحثہ بارہ مئی کو ہوگا۔ اس سلسلے کا پہلا مناظرہ گذشتہ جمعےکو ہوا تھا جو تین گھنٹے تک جاری رہا ہے اور سبھی امیدواروں نے مختلف سماجی مسائل کے بارے میں اپنے خیالات اور کسی حدتک اپنے پروگراموں کو بیان کیا۔
ایران کے بارہویں صدارتی الیکشن کے لئے انیس مئی کو ووٹ ڈالیں گے اور اسی دن بلدیاتی اور دیہی کونسلوں کے ممبران کو منتخب کرنے کے لئے بھی ووٹنگ ہوگی۔