May ۰۲, ۲۰۱۷ ۱۴:۱۶ Asia/Tehran
  • صحیح پالیسیاں اور عوامی انتخابات ایران کی طاقت کا سرچشمہ ہیں

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ صحیح پالیسیاں اور عوامی انتخابات ہی ایران کی طاقت کا سرچشمہ ہیں۔

مقامی خبر رساں ایجنسی کے ساتھ اپنے ایک انٹرویو میں وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کا کہنا تھا کہ امریکہ اور خطے کے بعض ملکوں میں ہونے والے غلط انتخابات کے مقابلے میں ایران میں ہونے والے صحیح انتخابات نے تہران کو خطے اور دنیا میں برتری عطا کردی ہے اور یہ انقلاب اسلامی کی دین ہے۔
ان کا اشارہ ڈونلڈ ٹرمپ کے انتخاب کی جانب تھا جو عوامی ووٹوں کے بجائے الیکٹورل کالج کے ووٹوں سے منتخب ہوئے ہیں۔
ایران کے وزیرخارجہ نے جامع ایٹمی معاہدے کو ایران کے فن سفارت کاری کا بہترین نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام، رہبر انقلاب اسلامی اور صدر ایران کی حمایت سے ہم نے ایسا معاہدہ کیا ہے جس پر امریکہ پریشان ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ پریشان ہے کہ اگر وہ ایران کے خلاف کچھ کرتا ہے یا ایٹمی معاہدے کو توڑتا ہے، تو اس کے قریب ترین اتحادی بھی اس کی حمایت نہیں کریں گے۔
سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کی بحالی کا ذکر کرتے ہوئے ایران کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اگر سعودی عرب تکفیری اور انتہا پسند گروہوں کی حمایت ترک اور یمنی عوام کے خلاف جنگ بند کردے تو ہم تہران ریاض تعلقات کو تعمیری سمت میں لے جانے کے لیے تیار ہیں۔
محمد جواد ظریف کا کہنا تھا کہ ایران ، سعودی عرب کے ساتھ محاذ آرائی نہیں چاہتا لیکن افسوس کہ سعودی عرب کشیدگی پھیلانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے کبھی تہران ریاض تعلقات کی بحالی کے لیے مختلف ملکوں کی ثالثی کو مسترد نہیں کیا ہے تاہم جوبات ضروری ہے وہ یہ ہے کہ سعودی حکام کو اپنی ذہنیت تبدیل اور رویوں کو بدلنا چاہیے۔

ٹیگس