ایرانی عوام جیت رہی ہے ! - تصاویر 2
ایران میں شاندار قومی جشن صدارتی اور بلدیاتی انتخابات میں عوام کی تاریخی شرکت
اسلامی جمہوریہ ایران میں آج جمعہ انیس مئی کو صبح آٹھ بجے سے ہی صدارتی اور بلدیاتی انتخابات کے لئے ووٹنگ شروع ہو گئی اور ایرانی عوام نے ایک بار پھر قومی جشن میں شرکت کر کے اسلامی جمہوریت کا شاندار جلوہ پیش کیا ہے۔ ووٹنگ کے آغاز میں ہی رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران میں آج جمعہ انیس مئی کو صبح آٹھ بجے سے ہی صدارتی اور بلدیاتی انتخابات کے لئے ووٹنگ شروع ہو گئی اور ووٹنگ کے آغاز میں ہی رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اپنا ووٹ ڈالا اور اس کے بعد عوام کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ لوگوں کو چاہئے کہ وہ جتنی جلدی ہو سکے زیادہ سے زیادہ تعداد میں پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچیں-م
آپ نے فرمایا کہ ملک کی تقدیر عوام کے ہاتھوں میں ہے-
رہبرانقلاب اسلامی نے دینی جمہوریت جیسی نعمت عطا کرنے اور الیکشن میں عوام کی شرکت پر خدا وند عالم کا شکر ادا کرتے ہوئے فرمایا کہ بحمد اللہ ہمارے عوام اس نعمت کے شکر گزار ہیں کیونکہ آپ دیکھ رہے ہیں کہ عوام بڑی تعداد میں الیکشن میں شرکت کر رہے ہیں-
رہبرانقلاب اسلامی نے عوام کی جانب سے آج کے انتخابات میں زیادہ سے زیادہ اور وسیع پیمانے پر شرکت کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ لوگ جتنی جلدی ممکن ہو پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچیں اور میں سمجھتا ہوں کہ نیک کام کو پہلی فرصت میں اور اول وقت انجام دیا جانا چاہئے لہذا آپ لوگ ووٹ ڈالنے میں تاخیر نہ کریں-
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ صدارتی الیکشن بہت ہی اہم ہے۔ آپ نے فرمایا کہ ملک کی تقدیر ہرملک کے ہر فرد کے ہاتھ میں ہے جو مجریہ کے سربراہ کو منتخب کرتا ہے اس لئے اس کام کی اہمیت پر توجہ دینی چاہئے-
رہبرانقلاب اسلامی نے اسلامی شہری اور دیہی کونسلوں کے انتخابات کو بھی اہم قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ شہری اور دیہی کونسلوں کے لئے وہ لوگ منتخب ہوتے ہیں جو شہری اور دیہی علاقوں کی خدمات انجام دیتے ہیں یعنی لوگ اپنے علاقوں کے باشندوں کے روز مرہ کے مسائل کی دیکھ بھال کے ذمہ دار ہو تے ہیں اس لئے یہ انتخابات بھی اہم ہیں- پوری دقت اور شناخت کے ساتھ انتخابات میں شرکت کریں یہی میری ایک ایک فرد سے شفارش ہے۔
پچھلے کئی مہینے سے ایران کا صدارتی الیکشن خود ملک کے اندر بھی اور ملک کے باہر بھی سب کی توجہ اور دلچسپی کا مرکز بنا رہا ہے اور سبھی آج کے دن کا انتظار کر رہے تھے تاکہ آج کے دن الیکشن میں ایرانی عوام کی شاندار شرکت اور نتیجے کو دیکھیں-
مشرق بعید کے ملکوں میں مقیم ایرانیوں نے اپنے ووٹ ایران میں ووٹنگ کا وقت شروع ہونے سے کئی گھنٹے پہلے ہی ڈال دیئے کیونکہ ان ملکوں میں ایران کے مقابلے میں دن کا آغاز کئی گھنٹے پہلے ہو جاتا ہے۔
انتخابی عمل کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے لاکھوں کی تعداد میں سیکورٹی فورس کے اہلکاروں اور عوامی نمائندوں کو مقرر کیا گیا ہے جبکہ ایک لاکھ چوبیس ہزار دیگر مبصرین اور انتخابی عمل پر نگرانی والے افراد چونسٹھ ہزار سے زائد پولنگ مراکز کی نگرانی کر رہے ہیں-
اس دوران ٹیلی ویژن کے کیمروں کی مدد سے ووٹنگ کے ابتدائی لمحات سے ہی پولنگ مراکز پر رائے دہندگان کی لمبی لمبی قطاروں اور صفوں کو دکھایا جارہا ہے، ایران کے عوام معاشرے کی صورتحال کو درک کرکے خود کو نظام کا اصل مالک سمجھ کر اپنے ووٹ ڈالنے نکلے ہیں-
ایرانی عوام نظام کی جمہوری ماہیت کے مد نظر اپنے ووٹوں کو اپنے بہتر مستقبل کا مضبوط پشتپناہ سمجھتے ہیں کیونکہ ایرانی عوام جانتے ہیں کہ ایران کے دشمن ان کی اس جمہوریت کو ختم کرنے کی ناکام کوشش میں مصروف رہتے ہیں-
اسلامی جمہوریہ کی اصطلاح امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے سب سے پہلے پیرس میں اپنے قیام کے دوران، ایرانی عوام کے لئے ایک بہتر اور پسندیدہ نظام کے طور پر پیش کی-
امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے ایک نامہ نگار کے اس سوال کے جواب میں کہ اسلامی جمہوریت کی حکومت کیا ہوتی ہے فرمایا تھا کہ اسلامی اور اسلامی جمہوریت کی حامل حکومت ایک ایسی حکومت ہے جو عوام کے ووٹوں اور عام ریفرنڈم پر استوار ہے۔ نظام کی جمہوریت کا مطلب یہ ہے کہ صرف نظام کے قیام کے وقت ہی عوام کی رائے اور ووٹ فیصلہ کن نہ ہو بلکہ اسلامی جمہوریت کا مطلب یہ ہے کہ اس جمہوریت میں عوام ہمیشہ میدان میں رہیں اور نظام اور حکام کی کارکردگی پر نظر رکھیں- ایران کے اسلامی جمہوری نظام میں آئین کی شق نمبر چھے کے مطابق ملک کا نظم و نسق عوام کے ووٹوں سے چلایا جائے-
اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد ایرانی عوام اب تک مختلف سطح کے پینتیس انتخابات میں شرکت کر چکے ہیں جس کی دنیا میں بہت کم مثال ملتی ہے اور ان پینتیس انتخابات میں ایرانی عوام کی شرکت ترسٹھ فیصد سے زیادہ رہی ہے-
آج جمعے کو بھی ہونے والے انتخابات میں ساڑھے پانچ کروڑ سے زائد ایرانی شہری حق رائے دہی کے حامل ہیں جن کی عمریں اٹھارہ سال سے زیادہ ہیں-
جی ہاں ایرانی عوام نے ایک بار پھر آج سیاسی تاریخ رقم کی ہے اور اپنے قومی جشن میں بھرپور شرکت کی ہے۔
پولنگ اسٹیشنوں پر جشن کا سماں ہے لمبی لمبی قطاریں اورصفیں ہیں جو اسلامی جمہوریت کا شاندار جلوہ پیش کر رہی ہیں اور یہ شاندار جلوہ ملکی اور غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے کیمروں میں محفوظ ہوتا جا رہا ہے۔