May ۱۹, ۲۰۱۷ ۱۷:۳۸ Asia/Tehran
  • الیکشن میں ایرانی عوام کی  شاندار شرکت قابل قدر ہے، آئی آر آئی بی کی ورلڈ سروس کے سربراہ

اسلامی جمہوریہ ایران کے سرکاری ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے ادارے کی ورلڈ سروس کے سربراہ نے ایران کے صدارتی الیکشن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے پولنگ اسٹیشنوں پر عوام کی وسیع پر شرکت پر تاکید کی ہے۔

آئی آر آئی بی کی ورلڈ سروس کے سربراہ ڈاکٹر پیمان جبلّی نے ہمارے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ انتالیس برسوں میں ایران میں مختلف حساس مواقع پر شاندار انتخابات ہوئے ہیں لیکن اس بار کے صدارتی انتخابات علاقے کی صورتحال کے پیش نظر بہت ہی اہم اور حساس ہیں-

انہوں نے صدارتی اور بلدیاتی انتخابات میں عوام کی شاندار شرکت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ توقع ہے کہ اس بار کے صدارتی الیکشن میں بھی ٹرن آؤٹ چوہتر یا پچہتر فیصد سے اوپر رہے گا-

انہوں نے کہا کہ جس طرح سے عالمی ذرائع ابلاغ، ایران کے صدارتی الیکشن کو خاص اہمیت دے رہے ہیں ہماری ورلڈ سروس کے چینل بھی اس سے کہیں زیادہ الیکشن کو خاص اہمیت دے رہے ہیں-

انہوں نے کہا کہ ورلڈ سروس کے ٹی چینلوں نے اور مختلف زبانوں کے ریڈیوز نے ایران کے صدارتی الیکشن کو خاص کوریج دی اور دے رہے ہیں اور اس سلسلے میں انہوں نے خصوصی پروگرام بھی ترتیب دیئے ہیں اور اپنے ناظرین اور سامعین کو پل پل کی انتخابی خبریں پہنچا رہے ہیں-

آئی آر آئی بی کی ورلڈ سروس کے سربراہ  نے کہا کہ آج ایران میں صدارتی الیکشن، مکمل آزادی اور سیکورٹی کے ماحول میں ایک ایسے وقت ہو رہا ہے جب علاقے کے بہت سے ملکوں میں جمہوریت اور سیاسی عمل میں عوام کی شمولیت نام کی کوئی چیز نہیں ہے اور علاقے کے متعدد ملکوں میں بدامنی اور بحران پایا جا رہا ہے-

انہوں نے کہا کہ یہی وہ حقیقت ہے جس نے اسلامی جمہوریہ ایران کو علاقے میں ایک ممتاز پوزیشن عطا کی ہے-

ڈاکٹر جبلّی نے کہا کہ آج کے بھی صدارتی الیکشن کا دنیا والوں کے لئے واضح پیغام یہ ہے کہ ایران کے عوام اپنے اسلامی جمہوری نظام پر مکمل اعتماد کرتے ہیں اور دل و جان سے  اس کے وفادار ہیں-

ٹیگس