ہندوستان پاکستان اور افغانستان کے رہنماؤں کی صدر حسن روحانی کو مبارکباد
ہندوستان، پاکستان اور افغانستان نے بارہویں صدارتی انتخابات میں ڈاکٹر حسن روحانی کی کامیابی کی مبارکبادپیش کی ہے
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو سوشل میڈیا پر ڈاکٹر حسن روحانی کو بارہویں صدارتی انتخابات میں ان کی کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی، ایران کے ساتھ تعلقات کی توسیع کا خواہاں ہے- نریندر مودی نے کہا کہ ایران اپنی نئی پیشرفت جاری رکھے گا-پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے بھی صدارتی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد ہی ایک پیغام میں صدرحسن روحانی کو ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے- پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ایران اور پاکسان کے درمیان گہرے تاریخی ثقافتی، روایتی اور اعتقادی تعلقات ہیں - پاکستان کے وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پاکستان اور ایران کے درمیان مختلف میدانوں میں تعلقات و تعاون اور خطے میں امن ، خوشحالی، ترقی اور استحکام کے لئے اقتصادی پارٹنر شپ کو مضبوط بنانے کے لئے ساتھ مل کر کام جاری رکھیں گے- افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے ڈاکٹر حسن روحانی کو انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دی ہے- عبداللہ عبداللہ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ افغانستان اور ایران دو پڑوسی اور دوست ملک ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان اچھے تعلقات پائے جاتے ہیں اور ان تعلقات میں مزید فروغ آنا چاہئے -ایران میں جمعہ کو ہونے والے انتخابات میں ڈاکٹر روحانی کو 2 کروڑ 35 لاکھ، 49 ہزار 616 ووٹ ملے جبکہ ان کے حریف سید ابراہیم ریسی کو 1 کروڑ، 57 لاکھ 86 ہزار 449 ووٹ ملے- دونوں لیڈروں کو بالترتیب 57 اور 38.5 فیصد ووٹ ملے-صدارتی انتخابات میں حصہ لینے والے دو دیگر امیدواروں مصطفی آقا میر سلیم اور مصطفی ہاشمی طبا کو بالترتیب 478215 اور 215450 ووٹ ملے-