ایران سے امریکی وزیر خارجہ کی توقعات بالکل بے جا ہیں: جنرل جزائری
ایران کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایرانی صدر سے امریکی وزیر خارجہ کی توقعات سے اسلامی جمہوریہ ایران کے بارے میں امریکی حکام کی لاعلمی و نادانی کی عکاسی ہوتی ہے۔
امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے ایران کے صدارتی انتخابات میں ڈاکٹر حسن روحانی کی کامیابی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ صدر حسن روحانی، حزب اللہ لبنان کے بارے میں نظرثانی کریں گے اور میزائلی تجربات کو روکیں گے-
ایران کی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل مسعود جزائری نے اتوار کو امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کے بیانات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج علاقے کی صورت حال بہت بہتر ہے اور ایران، فوجی و دہشت گردانہ اقدامات کا بخوبی مقابلہ کرے گا-
بریگیڈئر جنرل مسعود جزائری نے تاکید کے ساتھ کہا کہ علاقے میں امن و امان کا واحد راستہ یہ ہے کہ امریکہ، علاقے سے باہر نکل جائے اور علاقے کی رجعت پسند اور وابستہ حکومتیں، خودمختار ممالک کے خلاف دہشت گردانہ اقدامات اور جارحانہ کارروائیاں ترک کر دیں-
ایران کی مسلح افواج کے سینیئر ترجمان نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے دفاعی اہداف اور پالیسیاں واضح ہیں، کہا کہ علاقے اور دنیا کے موجودہ حالات کے پیش نظر دفاعی میزائلی سسٹم سمیت تمام دفاعی اہداف کی توسیع و ترقی اور اس کی رفتار و تسلسل ایران کی ترجیحات میں ہے-