کابل کے دہشت گردانہ حملے کی ایران کی جانب سے شدید مذمت
ایران نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں شیعہ مسجد پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس حملے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین، افغانستان کی حکومت اور قوم سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا ہے کہ ماہ مبارک رمضان میں شب قدر کے موقع پر مسجد یعنی، خانہ خدا میں عبادت گذار بندوں پر دہشت گردوں نے اسلام کے نام پر حملہ کر کے اس بات کو ثابت کر دیا کہ یہ دہشت گرد اور قتل و تشدد کے حامی عناصر، تمام اخلاقی و انسانی سرحدوں کو پار کر کے کس قدر پستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بدامنی پھیلا رہے ہیں اور بے گناہوں کا خون بہا رہے ہیں۔ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ عراق و شام میں دہشت گرد گروہوں، خاص طور سے داعش کو حاصل ہونے والی شرمناک شکست کے بعد اس گروہ کے شکست خوردہ عناصر، علاقے کے مختلف ملکوں میں منتشر ہو کر قتل و تشدد کا بازار گرم کئے ہوئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ افغانستان میں پے درپے ہونے والے دہشت گردانہ حملوں سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ یہ مظلوم ملک اور وہاں کے ستم دیدہ عوام، شرمناک سازشوں اور دہشت گرد گروہوں کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے دہشت گرد گروہوں کے خلاف مہم میں افغانستان کی حکومت اور قوم کی جانب سے مکمل ہوشیاری کا مظاہرہ اور اس سلسلے میں دیگر ملکوں، خیرخواہ حکومتوں اور امن پسند اقوام کی جانب سے مکمل تعاون و ہم آہنگی کی ضرورت پر تاکید کی۔