Apr ۰۳, ۲۰۲۵ ۱۵:۴۳ Asia/Tehran
  • پاکستان میں ایک مہینے کے دوران دہشت گردانہ حملوں کی تعداد سو سے متجاوز

پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کانفلکٹ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز (پی آئی سی ایس ایس) کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ایک ماہ کے اندر پہلی بار دہشت گردوں کے حملوں کی تعداد سو سے تجاوز کر گئی ہے۔

سحرنیوز/پاکستان:  پاکستان سے شائع ہونے والے ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پی آئی سی ایس ایس نامی تھنک ٹینک نے مارچ کے مہینے کے دوران 105 حملوں کی اطلاع دی، جس کے نتیجے میں 228 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 73 سیکیورٹی اہلکار، 67 شہری شامل ہیں، جب کہ 88 دہشت گرد بھی مارے گئے، مزید برآں 258 افراد زخمی ہوئے جن میں 129 سیکیورٹی اہلکار اور اتنی ہی تعداد میں عام شہری شامل ہیں۔ مجموعی طور پر دہشت گردوں کے حملوں اور سیکیورٹی آپریشنز میں 335 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 86 سیکیورٹی اہلکار، 78 عام شہری اور 171 عسکریت پسند شامل ہیں۔ مارچ کے مہینے میں 6 خودکش دھماکے ہوئے جن میں تین خودکش حملے بلوچستان میں، دو خیبر پختونخوا (کے پی) میں اور ایک سابقہ فاٹا میں ہوا ۔ یہ خود کش حملے حالیہ برسوں میں ایک مہینے میں سب سے زیادہ ہیں، ان حملوں کے نتیجے میں 59 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 15 عام شہری، 11 سیکیورٹی اہلکار شامل ہیں، جبکہ 33 عسکریت پسند بھی جہنم واصل ہوئے۔ ان دہشتگردانہ کاروائیوں میں پاکستان کے دو صوبے بلوچستان اور خیبر پختونخوا سب سے زیادہ متاثر ہونے والے صوبے ہیں۔ یاد رہے جنوری 2023 کے بعد گزشتہ ایک دہائی میں یہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کے لیے دوسرا مہلک ترین مہینہ تھا۔

 

ٹیگس