شب قدر، خدا سے راز و نیاز کی شب
ایران کے عوام نے کل رات شب قدر کے موقع پر شب بیداری کی اور خدا سے راز و نیازکیا۔
خداوند کریم کا احسان و شکرکہ اس نے ہمیں ایک مرتبہ پھر ماہ رمضان المبارک کی برکات سے مستفید ہونے کا موقع دیا اور یہ موقع عطا کیا کہ ہم اس ماہ مبارک میں اپنے گناہوں کی تلافی کرسکیں اور اس ماہ مبارک کے فیوض وبرکات کو سمیٹ سکیں۔ دنیا کے گوشہ و کنار میں رمضان المبارک اپنی رحمتیں اور برکتیں لئے ہوئے ہمارے درمیان ہے اور عنقریب ہم سے رخصت ہو جائے گا۔ اسی مبارک مہینہ کی آخری عشرے کی طاق راتیں شب قدر کہلاتی ہیں، یعنی ان راتوں میں اللہ کی کتاب قرآن کریم جو پیغمبراکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم پر نازل ہوئی، کے نزول کی راتیں شمار ہوتی ہیں اور یہ شب ہزار مہینوں سے افضل ہے اسی لئےعاشقان امامت و لایت نے تیسری شب قدرمیں ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں کی مساجد، امامبارگاہوں اور مذہبی مقامات میں جمع ہو کرپوری رات اللہ کی عبادت اور اس کے حضور دعا ومناجات میں بسر کی۔
ایران کی فضا پوری رات اللہ کے حضور دعا و نیائش، دعائے جوشن کبیر، الغوث الغوث کی صداؤں سے گونجتی رہی - اس موقع پر علمائے کرام اور ذاکرین اہلبیت عصمت و طہارت نے تیسری شب قدرکے موقع پر مشہدمقدس میں حضرت امام رضاعلیہ السلام کا حرم مطہر مومنین سے مملو تھا جو ایران کے مختلف شہروں اور دنیا کے مختلف ملکوں سے وہاں پہنچے تھے -شب قدر کے اعمال بجالاتے وقت سب نے قرآن کریم کو اپنے سروں پر رکھ کر اللہ سے طلب مغفرت کی اور اسلام ومسلمین کی سربلندی کی دعا کی - قم میں بھی جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کا حرم مطہر مومنین اورعاشقان اہلبیت سے چھلک رہا تھا اور ہرطرف الہی العفو اور الغوث الغوث کی صدائیں بلند تھیں -
روایتوں کے مطابق انیس، اکیس اور تیئیس رمضان المبارک کی شبیں، شب قدر ہیں اسی لئے پوری دنیا کے مسلمان شب قدر میں جاگ کر اللہ کے حضور دعا ومناجات کرتے ہیں-
شب قدر اس رات کو کہتے ہیں جو پورے سال کی راتوں میں سب سے افضل ہوتی ہے اور اس رات میں بندوں کی تقدیر لکھی جاتی ہے اوراس رات میں خلوص کے ساتھ مانگی گئی دعا بھی ضرور قبول ہوتی ہے۔
پاکستان اور ہندوستان میں آج شب قدر ہے۔