صدر سمیت اعلی حکام کی القدس ریلیوں میں شرکت
اعلی ایرانی قیادت، سیاسی اور مذہبی رہنماؤں نے آج بروز جمعہ عالمی یوم القدس کی مناسبت سے منعقدہ ریلیوں میں شرکت کرکے فلسطینی قوم کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی، سنئیر نائب صدراسحاق جہانگیری، پارلیمنٹ کے اسپیکرعلی لاریجانی، وزیر ثقافت اور اسلامی گائیڈنس سید رضا صالحی امیری، مذہبی رہنما آیت اللہ ناصر مکارم شیرازی اور متعدد سیاسی اور مذہبی شخصیات نے تہران سمیت مختلف شہروں میں منعقدہ القدس ریلیوں میں شرکت کرتے ہوئے فلسطینیوں کے خلاف صیہونی مظالم کی مذمت کی۔
ایران کے اعلی حکام اور رہنماؤں نے اس موقع پر کہا کہ ناجائز صیہونی ریاست ایک ناسور ہے اور وہ عالم اسلام میں تفرقہ ڈالنے اور تقسیم کرنے کی سازش کی ذمہ دار ہے۔
واضح رہے کہ ماہ رمضان کے آخری جمعہ یعنی جمعۃ الوداع کے موقع پرآج کروڑوں ایرانی عوام نے تہران سمیت مختلف شہروں میں مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں ریلیوں میں شرکت کرکے مسجدالاقصی اور مقبوضہ فلسطین پر ناجائز صیہونی ریاست کی جارحیت اور غیرقانونی قبضے کی پُر زور مذمت کی اور اسرائیل اور امریکہ کے خلاف نعرے لگائے۔
واضح رہے کہ حضرت امام خمینی (رح) نے 7 اگست 1979 میں اسلامی انقلاب کی فتح کے کچھ ہی عرصے بعد اپنے ایک تاریخی بیان میں رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو عالمی یوم القدس کے طور پر منانے کا اعلان کیا تھا۔
عالمی یوم القدس دنیا کے مسلمانوں کی جانب سے مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کا دن ہے، یہ وہ دن ہے جس میں مسلمان، ناجائز صیہونی ریاست کے انسانیت سوز جرائم کی مذمت کرتے ہیں۔
القدس، مسلمانوں کا قبلہ اول اور دوسری مقدس مسجد، فلسطینیوں کی حقیقی سرزمین ہے جس پر صیہونیوں نے عالمی سامراجی طاقتوں کی مدد سے 1948 ناجائز قبضہ جمایا۔
قابض صیہونی ریاست کے جرائم پر فلسطینی عوام کے احتجاج کو انتفاضہ کا نام دیا گیا ہے اور اس مقصد کو پانے کے لئے اب تک لاکھوں فلسطینی شہید زخمی اور گرفتارہوچکے ہیں۔
اس کے علاوہ اب بھی صیہونی جیلوں میں ہزاروں فلسطینی بالخصوص خواتین اور بچے اسیر ہیں جن کی صورتحال انتہائی ابترہے۔