یورپی ممالک سے تعاون عالمی امن کے لئے مددگار
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں جب امریکہ اپنے اقدامات کے ذریعے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے، یورپ کے خود مختار اور آزاد خیال ممالک کے ساتھ باہمی مشاورت کے ذریعے عالمی امن و استحکام کو مضبوط کرنے میں مدد ملے گی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف کے حالیہ یورپی ممالک کے دوروں کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر دہشتگردی نے جہاں مشرق وسطی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے وہیں یورپ بھی دہشتگردی سے محفوظ نہیں ہے اسی لئے ایران کے وزیر خارجہ کا جرمنی،اٹلی اور فرہانس کا دورہ خاص اہمیت کا حامل ہے۔
ایران کے وزیرخارجہ کے حالیہ جرمنی، فرانس اور اٹلی کے دوروں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بہرام قاسمی نے کہا کہ ظریف آج روم سے پیرس جائیں گے جہاں وہ اعلی فرانسیسی حکام بالخصوص صدر ایمانوئل میکرون کے ساتھ اہم ملاقات کریں گے۔
ایران کے جرمنی، اٹلی اور فرانس کے ساتھ دیرینہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ کے جرمن اور اطالوی حکام کے ساتھ مذاکرات تعمیری رہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے مزید کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں ایرانی وزیر خارجہ کے تین یورپی ممالک کے دوروں کو بڑی اہمیت حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کا اٹلی، جرمنی اور فرانس کے ساتھ پرانے تعلقات ہیں اوراس قسم کے تعلقات کسی کے خلاف نہیں ہیں۔
خطے کی صورتحال کے حوالے سے بہرام قاسمی نے کہا کہ بڑے پیمانے پر ہتھیاروں کی خریداری سے امن قائم نہیں ہوگا بلکہ اجتماعی تعاون اور مستقل عزم کے ذریعے اس مقصد کو حاصل کیا جاسکتا ہے۔