ایران پرنئی پابندی سے متعلق خبریں من گھڑت
ایران نے یورپی یونین کی جانب سے ایران مخالف نئی پابندیوں کے حوالے سے شائع ہونے والی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوہری مذاکرات اور حتمی معاہدے سے لے کر اب تک ایران پر کوئی نئی پابندی عائد نہیں ہوئی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نےارنا نیوز ایجنسی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ نہ موجودہ دور میں، نہ گزشتہ مہینوں اور نہ ہی گزشتہ تین سالوں میں یورپی یونین کی جانب سے ایران پر کوئی نئی پابندی لگائی گئی ہے۔
انہوں نے بعض حلقوں کی جانب سے یورپی یونین کی ایران مخالف پابندیوں کی توثیق کے دعوے کو سختی سے مسترد کردیا۔
بہرام قاسمی نے کہا کہ یورپی یونین نے ایران جوہری معاہدے کے نفاذ بشمول سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2231 پرعمل کرنے کے حوالے سے کوشش کی تاہم امریکی وعدہ خلافی کی وجہ سے بعض یورپی مالیاتی ادارے اور بینک ایران کے ساتھ تعاون کے قیام کے لئے شک میں مبتلا ہوئے تاہم ان جیسے مسائل کو بھی دوطرفہ مشاورت اور بات چیت سے حل کیا جائے گا۔