Jul ۰۳, ۲۰۱۷ ۱۴:۴۵ Asia/Tehran
  • ماحولیات کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے علاقائی و بین الاقوامی تعاون ضروری : صدر مملکت

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ ماحولیات کے تحفظ سے متعلق مسئلے کے حل کے لئے علاقائی و بین الاقوامی تعاون کی اشد ضرورت ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے صحت و سلامتی اور پیشرفت و ترقی کے لئے بے تحاشہ مہاجرت کی روک تھام کو ضروری قرار دیتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ ماحولیات کے مسائل کے حل کے لئے منصوبہ بندی، سرمایہ کاری اور علاقائی و بین الاقوامی تعاون کی سخت ضرورت ہے-

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے پیر کو تہران میں گرد و غبار کا مقابلہ اور درپیش چیلنجوں و عملی راہ حل کے زیرعنواں منعقدہ بین الاقوامی اجلاس میں کہا کہ ایران میں اسی فیصد زمینی گرد وغبار بیرونی ممالک سے آتا ہے اور عراق، اردن، کویت، شام، سعودی عرب، پاکستان، افغانستان اور ترکمنستان ہی علاقے میں گرد و غبار کا سرچشمہ ہیں-

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے تاکید کے ساتھ کہا کہ علاقائی ممالک کو چاہئے کہ وہ علاقے کو مضبوط بنانے کی کوشش کریں- انھوں نے کہا کہ علاقائی مقابلہ آرائی میں کسی ملک کو دوسرے ممالک کے سامنے اپنی طاقت کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہئے اور اختلاف و تفرقہ نہیں بڑھانا چاہئے-

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ علاقے کے ممالک ایک ہی خاندان کا حصہ ہیں اور وہ ایک دوسرے سے فاصلہ اختیار نہیں کر سکتے- انھوں نے کہا کہ اگر عراق و شام میں داعش سمیت دیگر دہشت گرد گروہ عمارتوں اور زرعی اراضی کو تباہ اور بے گناہ انسانوں کا قتل عام کرتے رہیں گے تو علاقے کی آباد زراعت اور لہلہاتی ہوئی کھیتیاں بیابانوں اور صحراؤں میں تبدیل ہو جائیں گی اور اس کے گرد و غبار سے علاقے کے عوام کو بھی مشکلات سے دوچار ہونا پڑے گا-

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے تاکید کے ساتھ کہا کہ دہشت گردی نے وبائی جراثیم کی طرح پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور جو ملک بھی یہ خیال کرتا ہے کہ دہشت گردی کی لعنت اپنے اہداف کو آگے بڑھانے کا ذریعہ ہے وہ پوری طرح غلطی  پر ہے اور دہشتگردی، سب کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی مگر یہ کہ ایک دوسرے کے تعاون سے اس لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں-

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے مسائل سے باہر نکلنے کا راستہ، مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات و تعاون کا فروغ قرار دیا اور کہا کہ اقوام متحدہ کو چاہئے کہ اس سلسلے میں وہ مزید ذمہ داری کا احساس کرے اور اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائے-

واضح رہے کہ گرد وغبار کی روک تھام سے متعلق پہلا بین الاقوامی اجلاس پیر کو ایران کے دارالحکومت تہران میں منعقد ہوا جس میں صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی سمیت اقوام متحدہ اور دنیا کے تینتالیس ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔ یہ اجلاس بدھ تک جاری رہے گا-   

 

ٹیگس