Jul ۲۱, ۲۰۱۷ ۱۰:۱۷ Asia/Tehran
  • جوہری معاہدے کے نفاذ کے لئے ایران کی پوزیشن مضبوط

ایران نے کہا ہے کہ جوہری معاہدے کے نفاذ کے لئے ہماری عالمی پوزیشن مضبوط ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران سنئیرجوہری مذاکرات کار سید عباس عراقچی نے گزشتہ روز ویانا میں بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا امانو کے ساتھ ایک ملاقات کے بعد صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی خلاف ورزیوں کے باوجود ایران نے جوہری معاہدے کے نفاذ کے حوالے سے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جس سے بین الاقوامی سطح پر ہماری پوزیشن مضبوط ہوئی ہے۔

عباس عراقچی نے کہا کہ جوہری معاہدے کے نفاذ کے حوالے سے ایران اپنے وعدوں پر پوری طرح قائم ہے جو ایران اور عالمی جوہری ادارے کے درمیان قریبی تعاون کی علامت ہے اور اس بات کی تائید بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA)نے بھی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم جوہری معاہدے کے مشترکہ کمیشن میں امریکی خلاف ورزیوں کے حوالے سے اپنا احتجاج اور تحفظات جمعہ کے روز کے اجلاس میں پیش کریں گے۔

عباس عراقچی نے مزید کہا کہ جوہری معاہدے کے نفاذ کو 18 مہینے سے زائد گزرگئے اور اس دوران ایران اپنے وعدوں پر قائم رہا جس کی تصدیق عالمی جوہری ایجنسی نے بھی کی ہے جبکہ امریکہ کی جانب سے خلاف ورزی کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

واضح رہے کہ اعلی ایرانی مذاکرات کار جوہری معاہدے کے مشترکہ کمیشن کے آٹھویں اجلاس میں شرکت کے لئے ویانا کے دورے پر ہیں اور یہ نشست آج بروز جمعہ منعقد ہوگی۔

ٹیگس