سعودی عرب دہشت گردی کے واقعات میں ملوث
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ 1998 سے لے کر اب تک دنیا میں 94 فیصد رونما ہونے والے دہشت گردانہ واقعات میں سعودی عرب ملوث ہے۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے امریکی ٹیوی چینل پی بی ایس کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئےکہا ہے کہ 1998 سے لیکر اب تک دنیا میں 94 فیصد رونما ہونے والے دہشت گردانہ واقعات میں سعودی عرب کا ہاتھ ہے۔
ایرانی وزير خارجہ نے کہا کہ 2001میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر حملے میں ملوث دہشت گردوں کا تعلق بھی سعودی عرب سے تھا تمام دہشت گرد وہابی ہیں اور سعودی عرب وہابیوں کا مرکز اور اصلی گڑھ ہے جو دہشت گردی کے فروغ کا بھی اصلی منبع ہے۔ انہوں نے کہا کہ داعش اور دیگر دہشتگرد گروہ بھی اسی قسم کے فکر کی وجہ سے دہشتگردانہ کارروائیاں کرتے ہیں۔
محمد جواد ظریف نے امریکی پالیسی پر تعجب اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو اس بات سے کوئی تعلق نہیں کہ کونسا ملک دہشت گردوں کی حمایت کررہا ہے بلکہ امریکہ کی توجہ اس بات پر مرکوز ہے کہ کونسا ملک اس سے بڑے پیمانے پر ہتھیار خرید رہا ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر سعودی عرب کے ساتھ بڑے پیمانے پر ہتھیاروں کی قرارداد کا معاملہ طے نہ ہوتا تو امریکی صدر کبھی سعودی عرب کا سفر نہ کرتے۔
واضح رہے کہ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے رواں سال مئی کے مہینے میں اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب کے موقع پراس ملک کے ساتھ 110 ارب ڈالر مالیت کے ہتھیاروں کا معاہدہ کیا۔