شمال مغربی ایران میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن
ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بری فوج کے رابطہ دفتر نے اعلان کیا ہے کہ شمال مغربی ایران کے سرحدی علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف کئے جانے والے ایک آپریشن میں سات دہشت گرد ہلاک و زخمی ہو گئے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بری فوج کے رابطہ دفتر نے جمعے کے روز ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ جمعرات کی رات اغیار سے وابستہ کچھ دہشت گردوں نے ایران کے شمال مغربی سرحدی علاقے میں دہشت گردانہ منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کی جو ایران کی سپاہ پاسداران کے بہادر جوانوں کی ذہانت و ہوشیاری کی بدولت اپنے مقصد میں ناکام ہو گئے۔
اس بیان کے مطابق اس موقع پر ہونے والی جھڑپوں میں تین دہشت گرد ہلاک اور چار دیگر زخمی ہو گئے جبکہ ایک دہشت گرد گو گرفتار کر لیا گیا۔ تاہم کچھ دہشت گرد سرحد پار فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
اس کارروائی میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کا بھی ایک جوان شہید اور ایک زخمی ہو گیا۔
قابل ذکر ہے کہ ایران کے سیکورٹی اداروں نے تاکید کے ساتھ اعلان کیا کہ ایران میں امن کے خلاف کئے جانے والے شر پسند و دہشت گرد عناصر کے کسی بھی قسم کے اقدام کا منھ توڑ جواب دیا جائے گا۔