Jul ۲۲, ۲۰۱۷ ۲۰:۴۵ Asia/Tehran
  • ایران اور عراق کے وزرائے دفاع کی ملاقات

ایران کے وزیر دفاع بر یگیڈیئر جنرل حسین دھقان نے عراق کی سلامتی کو ایران کی سلامتی قرار دیا ہے۔

تہران میں عراق کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل عرفان الحیالی سے بات چیت کرتے ہوئے وزیردفاع بریگیڈیئر جنرل حسین دھقان نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران عراقی حکومت اور عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران،عراق کے امن و استحکام اور اسے  ایک طاقتور ملک میں تبدیل کرنے کے لیے، سیاسی، اقتصادی اور فوجی ہر لحاظ سے تعاون کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران عراق کی ارضی سالمیت کے تحفظ پر زور دیتا ہے کیونکہ عراق کی یکجہتی ہی اس ملک میں آباد تمام قوموں کے مفادات کی ضمانت ہے۔
ایران کے وزیردفاع نے کہا کہ خطے کے بعض ممالک امریکہ اور صیہونی حکومت کی ایما پر علاقے میں بدامنی اور عدم استحکام پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف علاقائی اور عالمی اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضروت ہے تاکہ دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے۔
عراق کے وزیردفاع بریگیڈیئیر جنرل عرفان الحیالی نے اس ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت، عوام اور مسلح افواج کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جہموریہ ایران نے داعش پر عراقی عوام کی فتح میں فیصلہ کن کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عراق، ماضی کے تجربات کی روشنی میں روشن مستقبل کی جانب قدم بڑھا رہا ہے۔
عراقی وزیردفاع نے مشترکہ مفادات اور اہداف کو بغداد اور تہران کے درمیان تعلقات کی توسیع کا میدان قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی اور فوجی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔
عراق کے وزیر دفاع ہفتے کی صبح ایک اعلی سطحی دفاعی وفد کے ہمراہ اپنے ایرانی ہم منصب کی دعوت پر تہران پہنچے ہیں۔

ٹیگس