سو سے زائد غیر ملکی وفود تہران پہنچ گئے
صدر ایران کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے مزید تیس غیر ملکی وفود کی آمد کے بعد ایران آنے والے وفود کی تعداد سو سے تجاوز کرگئی ہے۔
صدر ایران کی تقریب حلف برداری کا پروگرام ہفتے کی شام ایران کے پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی میں شروع ہوگیاہے جس میں شرکت کے لیے سو سے زائد غیر ملکی وفود تہران پہنچ گئے ہیں۔ صدر حسن روحانی نے انیس مئی کو ہونے والے انتخابات میں تیئیس ملین سے زیادہ ووٹ حاصل کیے تھے۔صدر ایران کی تقریب حلف برداری میں کئی ملکوں کے صدور، نائب صدور کے علاوہ مختلف ملکوں کے صدور کے خصوصی ایلچی اور پارلیمانوں کے اسپیکر شرکت کر رہے ہیں۔عراق کے صد فواد معصوم، افغانستان کے صدر اشرف غنی، زیمبابوے کے صدر رابرٹ موغابے، مالدیپ کے صدر، پاکستانی سینیٹ کے چیرمین رضا ربانی، ہندوستان کے مرکزی وزیر اور ہندوستانی وزیراعظم کے خصوصی ایلچی نتن گڈکری، شام کے وزیراعظم ، اٹلی کے نائب وزیر خارجہ ، جارجیا کے نائـب وزیر اعظم، ملائیشیا، جنوبی کوریا، شمالی کوریا، بیلاروس، لبنان قبرص اور سری لنکا کےاسپیکر بھی شریک ہیں۔یورپی یونین کے امور خارجہ کی انچارج فیڈریکا موگرینی، پاپ فرانسس کے خصوصی نمائندے البرٹو اورٹیگا، بین الپارلیمانی یونین کے صدرصابر چودھری،حزب اللہ کے نائـب سربراہ شیخ نعیم قاسم، جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہ رمضان عبداللہ، عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے نمائندے عزت رشق، جبکہ اسامہ حمدان کی قیادت میں حماس کا ایک وفد بھی صدر ایران کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے تہران پہنچ گیا ہے۔برطانوی وزیر اعظم کے خصوصی ایلچی لارڈ مونٹ، ایران برطانیہ پارلیمانی دوستی گروپ کے صدر ریچرڈ بیکن، آئرلینڈ کے نائب صدر کونر او ریلے، آسٹریا کے ڈپٹی اسپیکر کارل ہینس کوپوف، ڈینمارک کے نائب وزیر خارجہ روبرٹ ڈیسی، سوئیڈن کے خصوصی نمائندے پیری نیمے بھی تہران آئے ہیں۔