Aug ۰۶, ۲۰۱۷ ۱۷:۲۶ Asia/Tehran
  • لبنانی حکومت اور حزب اللہ کی حمایت جاری رہے گی، صدر حسن روحانی

صدر حسن روحانی نے ایران اور لبنان کی قوموں کے تعلقات کو دوستانہ ، مخلصانہ اور برادرانہ قرار دیتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان ہمہ گیر تعاون و تعلقات کو فروغ دینے اور مضبوط بنانے پر تاکید کی ہے۔

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اتوار کو تہران میں لبنان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری سے ملاقات میں جارح دہشت گردوں اور غاصب صیہونی حکومت کے مقابلے میں لبنانی عوام کی کامیابیوں کو لبنان کی عظمت کا باعث اور ملت ایران کے لئے فخر کا سبب قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ لبنان اس وقت ایسے مقام پر پہنچ گیا ہے کہ وہ امن و استحکام پیدا کرنے کے لئے اپنے پڑوسی ملکوں کی مدد کرتا ہے اور اس سے لبنان اور لبنانی عوام کی عظمت و طاقت کا پتہ چلتا ہے۔
صدر حسن روحانی نے لبنان میں شیعوں، سنیوں اور عیسائیوں کے درمیان اتحاد کو دیگر ملکوں کے لئے بہترین نمونہ عمل قرار دیا اور کہا کہ اس وقت لبنانی عوام نے صیہونیزم اور دہشتگردی کے دو بڑے خطروں کو محسوس کر لیا ہے اور انھیں اپنی اور اپنے ملک کی سیکورٹی اور امن و استحکام کے لئے استقامت کے سوا کوئی چارہ دکھائی نہیں دیتا-

ایران کے صدر نے تاکید کے ساتھ کہا کہ ایران ، ہمیشہ لبنانی حکومت، قوم اور حزب اللہ کے ساتھ رہا ہے اور مستقبل میں بھی اسی راستے پرگامزن رہے گا- اس ملاقات میں لبنان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری نے ایران کو ایک عظیم اور طاقتور ملک قرار دیا اور کہا کہ جارحین کے مقابلے میں لبنان اور فلسطین کے استقامتی و مزاحمتی محاذ کی کامیابی، ایران کے اسلامی انقلاب کی مرہون منت ہے۔

ٹیگس