Aug ۰۸, ۲۰۱۷ ۱۵:۲۰ Asia/Tehran
  • تہران میں عالمی وفود کی موجودگی امریکا کی شکست ہے

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا ہے کہ صدر کی تقریب حلف برداری میں عالمی وفود کی شرکت نے ایران کو الگ تھلگ کرنے والوں کی کوششوں کو ناکام بنادیا ہے۔

پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کی تقریب حلف برداری میں غیر ملکی مہمانوں کی وسیع پیمانے پر شرکت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی وفود کی غیر معمولی شرکت ایران کو الگ تھلگ کرنے کی امریکا اور بعض ملکوں کی کوششوں کی شکست کی دلیل تھی۔
اسپیکر لاریجانی نے منگل کو پارلیمنٹ کے اجلاس میں ان غیر ملکی مہمانوں کا جنھوں نے صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی تھی، شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب میں دنیا کے ایک سو پانچ ملکوں سے پانچ سو غیر ملکی مہمانوں کی شرکت نے جن میں ایک سو تیس اعلی رتبہ حکام شامل تھے ثابت کردیا کہ دنیا کی حکومتیں دشمنوں کی سازشوں کی پروا کئے بغیر ایران سے دوستی کی خواہشمند ہیں۔
ڈاکٹر لاریجانی نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ امریکا اور بعض ممالک ایران کو الگ تھلگ کرنے کے لئے اربوں ڈالر خرچ کررہے ہیں کہاکہ تقریب حلف برداری میں شرکت کرنےوالے عالمی مہمانوں نے ایران کو گوشہ نشین کرنے کے تعلق سے مغرب کے پروجیکٹ پر خط تنسیخ کھینچ دیا ہے۔
ان کا کہناتھا کہ صدر کی تقریب حلف برداری میں لاطینی امریکا ، ایشیا، یورپ، اسلامی ملکوں، ہمسایہ ممالک اور دنیا کی اہم یونینوں اور اداروں کے حکام کے شریک تھے جس سے ثابت ہوتا ہےکہ اسلامی جمہوری نظام اور ایرانی عوام کی حمایت کسی خاص علاقے تک محدود نہیں ہے۔

ٹیگس