افغان علاقے میرزا اولنگ میں عام شہریوں کے قتل عام کی ایران کی جانب سے مذمت
اسلامی جمہوریہ ایران نے افغانستان کے صوبہ سرپل میں دہشت گردوں کے ہولناک جرائم کی مذمت کی ہے
طالبان اور داعش کے دہشت گردوں نے افغانستان کے صوبہ سرپل کے علاقے میرزا اولنگ میں اس علاقے پر قبضہ کرلینے کے بعد ساٹھ عام شہریوں کا بے دردی کے ساتھ قتل عام کردیا ہے -
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے بدھ کو اپنے بیان میں شیعہ آبادی والے علاقے میرزا اولنگ میں دہشت گردوں کے ہولناک جرائم کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ اور افغانستان کے عوام اور حکومت سے ہمدردی کا اظہار کیا -
ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ افغانستان کے مظلوم عوام کے دشمنوں کی دیرینہ دشمنی اور عداوت کے پیش نظر افغانستان کے سبھی گروہوں اور ہر فرد کے ساتھ ساتھ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہوشیاری کا مظاہرہ کرے- ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے دہشت گرد گروہوں کے ہر قسم کے تفرقہ انگیز اور انسانیت سوز اقدامات کے مقابلے میں سبھی افغان گروہوں کے درمیان اتحاد پر زور دیا -