Aug ۱۸, ۲۰۱۷ ۱۵:۳۶ Asia/Tehran
  •  مغربی ممالک دہشت گرد گروہوں کی حمایت بند کردیں، خطیب جمعہ تہران

تہران کے خطیب جمعہ نے امریکا کو دنیا میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والا سب سے بڑا ملک قراردیا ہے

تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ سید احمد خاتمی نے امریکا میں نسل پرستوں کے جرائم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ" امریکا دنیا میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے اور امریکی حکام کو دیگر ملکوں میں انسانی حقوق کے بارے میں رائے کا اظہار کرنے سے شرم کرنی چاہئے۔"
تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ سید احمد خاتمی نے کہاکہ امریکی صدر ٹرمپ اپنے اقدامات کے ذریعے نسل پرستوں کی حمایت کررہے ہیں۔

مغربی ممالک دہشت گرد گروہوں کی حمایت بند کردیں

انہوں نے افغانستان کے علاقے میرزا اولنگ اور اسپین کے شہر بارسلونا میں دہشت گردوں کے جرائم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد گروہوں منجملہ داعش کو امریکا نے ہی پروان چڑھایا ہے اور اگر مغربی ممالک کے عوام دہشت گردوں کے جرائم سے محفوظ رہنا چاہتے ہیں تو انہیں چاہئے کہ وہ اپنی حکومتوں پر زور دیں کہ وہ دہشت گرد گروہوں کی حمایت بند کردیں۔
تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ سید احمد خاتمی نے شام میں دہشت گردوں کے ہاتھوں مظلومانہ طریقے سے شہید کئے گئے محسن حججی کو جذباتی انداز میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہید مدافع حرم اسلامی انقلاب کے ثمرات میں سے ہے جو انقلاب کی تیسری نسل سے تعلق رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید محسن حججی کی شہادت نے یہ پیغام دیا ہے کہ ایران کے آج کے دور کے نوجوان اسلامی انقلاب کی امنگوں کے دفاع میں بے پناہ جذبے سے سرشار ہیں اور ان کے جذبے بھی ویسے ہی جیسے انیس اناسی کے انقلابی نوجوانوں کے تھے۔

بلاشبہہ شہید محسن حججی کی شہادت میں امریکا برابر کا شریک ہے

انہوں نے کہا کہ بلاشبہہ شہید محسن حججی کی شہادت میں امریکا برابر کا شریک ہے۔ تہران خطیب جمعہ نے کہا کہ سپاہ پاسداران کے کمانڈروں نے کہا ہے اس خون کا بدلہ جلد ہی دہشت گردوں سے لیا جائے گا۔
تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ سید احمد خاتمی نے پارلیمنٹ میں بارہویں کابینہ کے نامز وزیروں کی اہلیت پر جاری بحث کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم سبھی نامزد اور اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے والے وزرا کو سفارش کرتے ہیں کہ وہ اپنی پوری توانائی دین و معنویت اور اسلامی اقدار کو رواج دینے اور عوام کی خدمت میں صرف کریں۔
تہران کے خطیب جمعہ نے آئندہ ہفتے کی مناسبتوں کا ذکرکرتے ہوئے انتیس ذی القعدہ امام محمد تقی علیہ السلام کے یوم شہادت کی آمد کی مناسبت سے تعزیت پیش کی اور کہا کہ امام محمد تقی علیہ السلام سب سے کم عمری میں ظالموں کے ہاتھوں شہید کردیئے گئے لیکن دین الہی کی ترویج میں عظیم کارنامے انجام دے گئے۔
آیت اللہ سید احمد خاتمی نے اسی طرح یکم ذی الحجہ حضرت علی علیہ السلام اور جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے عقد نکاح کی مبارک تاریخ کی تبریک پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ہستیاں روئے زمین کی پاک ترین ہستیاں ہیں اور کائنات کے سب سے زیادہ طاہر و مطہر زن و شو ہر ہیں۔

ٹیگس