Aug ۲۲, ۲۰۱۷ ۱۴:۱۴ Asia/Tehran
  • امام محمدتقی علیہ السلام کا یوم شہادت، کاظمین میں سوگواروں کا جم غفیر

فرزند رسول امام محمد تقی علیہ السلام کے یوم شہادت کے موقع پر عراق، ایران اور دنیا کے دیگر ملکوں میں مجالس غم کا سلسلہ جاری ہے

کاظمین سے ہمارے نمائندے نے خبردی ہے کہ فرزندرسول امام محمد تقی علیہ السلام کے یوم شہادت پر عراق اور دنیا کے دیگر ملکوں کے لاکھوں زائرین کاظمین میں امام کی مظلومانہ شہادت کا غم منا رہے ہیں - اطلاعات ہیں کہ ماتمی دستوں کی شکل میں عزادار و سوگوار زائرین نوحہ و ماتم میں مصروف ہیں - کاظمین شہر میں جہاں امام محمد تقی  علیہ السلام کا روضہ واقع ہے ہر طرف صدائے ماتم بلند ہے- خبروں میں بتایا گیا ہے کہ عراق کے مختلف شہروں سے سیکڑوں میل سے زائرین پیدل چل کر کاظمین پہنچے ہیں - کاظمین کے ساتھ ساتھ عراق کے دیگر مقدس شہروں کربلائے معلی، نجف اشرف اور سامرا میں امام جواد کے  یوم شہادت پر زائرین کا جم غفیر ہے اور مجالس غم کا سلسلہ جاری ہے- اس موقع پر کاظمین، بغداد اور اس کے اطراف میں سیکورٹی کے انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں - اس مناسبت سے زائرین بڑی تعداد میں پیر کو ہی کاظمین پہنچنا شروع ہوگئے تھے - زائرین کے لئے راستے میں جگہ جگہ نذر ونیاز اور لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا ہے - امام محمد تقی علیہ السلام کے یوم شہادت پر اسلامی جمہوریہ ایران بھی سوگوار و عزادار ہے - پیر کی رات سے ہی ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں امام جواد علیہ السلام کی تاریخ شہادت کی مناسبت سے مجالس غم کا سلسلہ جاری ہے- اس سلسلے کی مرکزی مجالس غم مشہد مقدس میں امام رضاعلیہ السلام کے حرم میں جاری ہیں جہاں علمائے کرام اور ذاکرین اہلبیت اطہار امام محمد تقی علیہ السلام کے فضائل و مناقب بیان کرکے زائرین کو مثاب کررہے ہیں - مشہد مقدس میں بھی زائرین ماتمی دستوں کی شکل میں نویں امام کی شہادت کے موقع پر نوحہ و ماتم کرکے ان کے پدر بزرگوار امام رضا علیہ السلام کو پرسہ دے رہے ہیں - قم میں بھی جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم میں انتیس ذی القعدہ امام محمد تقی علیہ السلام کے یوم شہادت پر عاشقان اہلبیت عصمت و طہارت مجالس ونوحہ خوانی کرکے امام کے غم میں اشک ماتم بہا رہے ہیں - پاکستان اور ہندوستان میں بھی اس مناسبت سے جگہ جگہ مجلس وماتم برپا ہیں - حضرت امام محمدتقی علیہ السلام دس رجب ایک سو پچانوے ہجری قمری میں مدینہ منورہ میں پیدا ہوئے اور اپنے پدربزرگوار حضرت امام رضاعلیہ السلام کی شہادت کے بعد مسلمانوں کی امامت و رہبری کی ذمہ داری سنبھالی ہے - امام محمدتقی علیہ السلام نے اپنی پچیس سالہ مختصر سی حیات طیبہ میں بہت سے شاگردوں کی تربیت فرمائی علوم محمد و آل محمد کی ترویج کی اورساتھ ہی حاکمان وقت کی غیر انسانی اور ظالمانہ پالیسیوں کو بے نقاب کیا -

 

ٹیگس