ایران کے صدر پزشکیان کا یمنی عوام اور حکومت کےلئے تعزیتی پیغام
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے میں یمن کے وزیراعظم اور ان کی کابینہ کے متعدد وزراء کی شہادت پر یمن کے عوام اور حکومت کو تعزیت پیش کی ہے
سحرنیوز/ایران: صدر مملکت ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے یمن کے دارالحکومت پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے، ان حملوں میں یمن کے وزیر اعظم اور ان کی کابینہ کے چند ارکان کی شہادت کی تعزیت پیش کی۔ صدر مسعود پزشکیان نے اپنے پیغام میں یمن کے وزیر اعظم احمد غالب ناصر الرہوی اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر یمن کے بہادرعوام، دنیا بھر کے مسلمانوں اور حریت پسند انسانوں کو تعزیت پیش کی۔صدر مملکت کے پیغام میں درج ہے کہ یمن پر صیہونی حکومت کے دہشت گردانہ حملے اور اس حملے میں وزیر اعظم اور اس ملک کے کئی اعلی عہدے داروں کی شہادت نے ایک بار پھر فلسطین پر ناجائز تسلط جمانے والے مجرم اور کثیف ٹولے کی حقیقت سب پر آشکار کردی۔
صدر مسعود پزشکیان نے اپنے اس پیغام مین لکھا ہے کہ عالمی برادری کو صیہونی حکومت کی باغی فطرت کو روکنے کے لیے جو امن، قانون، اخلاق اور انسانیت کا دشمن ہے، فوری اقدام کرنا چاہیے۔قابل ذکر ہے کہ لاکھوں یمنی عوام نے اس خبر کے اعلان کے بعد، غاصب اسرائیلی حکومت سے شدید بدلہ لینے کا مطالبہ کیا ہے۔