یمن پر سعودی جارحیت کی مذمت
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے یمن پر سعودی عرب کے حملے کی مذمت کی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے یمن کے شہر ارحب پر سعودی عرب کے بہیمانہ اور وحشیانہ ہوائی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے ایک ہوٹل پر ہوائی حملہ کرکے عام شہریوں کا قتل عام کیا ہے۔ ایران نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یمن پر سعودی عرب کے وحشیانہ اور مجرمانہ ہوائی حملوں کے بارے میں غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائیں اور یمن کے نہتے عوام پر سعودی عرب کے وحشیانہ مظالم کو روکنے کے سلسلے میں اپنی انسانی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب یمن میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کو پامال کر رہا ہے۔ سعودی عرب کے مجرمانہ ہوائی حملوں میں اب تک ہزاروں یمنی بچے اورعورتیں شہید ہوچکے ہیں۔