ایران کی جانب سے افغانستان میں مسجد پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت
ایران نے کابل میں کل امام زمانہ (عج) مسجد پر دہشتگرد گروہ داعش کے حملے کی شدید مذمت کی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے دفترخارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے اپنے ایک بیان میں افغانستان کے دارالحکومت کابل میں کل نمازجمعہ کے موقع پرشیعہ مسلمانوں کی مسجد امام زمانہ (عج) پرداعش کے دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں نے افغان قوم کے اتحاد اور یکدلی کو نشانہ بنایا ہے.
بہرام قاسمی نے کابل حملے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ تعزیت اور افغان قوم اور حکومت کے ساتھ ہمدری اور یکجہتی کا اظہار کیا.
دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا کہ یقینا دہشتگردوں کی ایسی سفاکانہ کارروائیوں کا مقصد افغان قوم کی وحدت اور یکجہتی کو متاثرکرنا ہے.
انہوں نے کہا کہ افغانستان کے عوام دہشتگردوں کی سازشوں کے سامنے باہمی اتحاد اور یکجہتی کو مزید مستحکم بنائیں.
واضح رہے کل کابل میں مسجد امام زمانہ (عج) میں ہونے والے بم دھماکے اور فائرنگ سے 25 سے زائد نمازی شہید اور50 سے زائد زخمی ہوئے تاہم اسپتال کے ذرائع نے بتایا ہے کہ مسجد امام زمانہ علیہ السلام میں ہونے والے بم دھماکے کے بعد گیارہ افراد کی لاشوں اور متعدد زخمیوں کو اسپتال لایا گیا ہے۔
دھماکے کے بعد افغان سیکورٹی فورس نے علاقے کا محاصرہ کرلیا اور مسجد میں موجود دہشت گردوں سے ان کی جھڑپیں ہوئی ہیں سیکورٹی اہلکاروں نے چاروں دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔ کہا جارہا ہے کہ ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑالیا جبکہ دوسرے دہشتگردوں نے نمازیوں پر فائرنگ شروع کردی۔افغان سیکورٹی فورس اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپیں شروع ہونے کے بعد مسجد میں ایک اور دھماکے کی آواز بھی سنی گئی تھی ۔اس دہشت گردانہ حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی ہے۔