غدیرانسان کو ظلم اور نا انصافی سے نجات دلانے کا دن
آیت اللہ جنتی نے کہا ہے کہ غدیر انسان کو ظلم اور نا انصافی سے نجات دلانے والا دن ہے ۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق گارڈين کونسل کے سکریٹری آیت اللہ جنتی نےغدیر فیسٹیول کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین حضرت امام خمینی (رہ) اور رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی درایت اورحمایت کی بدولت زندہ ہے۔
آیت اللہ جنتی نے کہا کہ غدیر انسان کو ظلم اور نا انصافی سے نجات دلانے والا دن ہے ۔
انھوں نے کہا کہ دنیا کو آج حضرت علی (ع) کی ضرورت ہے مشرق و مغرب میں دنیا ظلم و ستم سے بھر چکی ہے بشریت ظلم و ستم سے تنگ آچکی ہے یمن میں نہتے مسلمانوں پر ظلم و ستم کا سلسلہ جاری ہے سعودی عرب امریکہ کی حمایت کے سائے میں یمنی مسلمانوں کو اپنی بہیمانہ اور مجرمانہ کارروائیوں کا نشانہ بنائے ہوئے ہے یمن میں سعودی عرب کی بربریت اور جارحیت کے نتیجے میں ہزاروں بےگناہ مسلمان شہید ہوچکے ہیں جن میں اکثریت بچوں اور عورتوں کی ہے۔
آیت اللہ جنتی نے کہا کہ فلسفہ غدیر، دنیا میں عدل و انصاف کا مظہر ہے آج دنیا کو حضرت علی (ع) کی ضرورت ہے حضرت علی (ع) کے بغیر دنیا ظلم و ستم سے بھر چکی ہے۔ علی (ع) مظلوموں کے حامی تھے مظلوم چاہے مسلمان ہو یا غیر مسلمان۔
انہوں نے کہا کہ حضرت علی علیہ السلام کی سیرت پرعمل پیرا ہونے کی کوشش کرنی چاہیے۔