ایران اپنے سبھی ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تعاون کرنے کو تیار ہے
وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران علاقے میں امن و استحکام کی برقراری کے لئے اپنے سبھی ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تعاون کرنےکو تیار ہے
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے لبنان کے المیادین ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو میں اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ علاقے کے سبھی ملکوں کو دہشت گردی کے چیلنج کا سامنا ہے کہا کہ ایران نے مذہبی اور مسلکی وابستگی سے بالاتر ہوکر علاقے کے سبھی ملکوں کی حمایت کی ہے - انہوں نے اس بات کا حوالہ دیتے ہوئے کہ ایران نے چار عرب ملکوں کے محاصرے کے مقابلے میں قطر کی حمایت کی ہے کہا کہ کسی بھی قوم کو محاصرے اور پابندیوں کے سامنے گھنٹے نہیں ٹیکنے چاہئیں- انہوں نے کہا کہ البتہ ایران دوسرے ملکوں کی داخلی مشکلات میں مداخلت نہیں کرتا - ایران کے وزیرخارجہ نے میانمار کے مسلمانوں کی بحرانی اور افسوسناک صورتحال کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے میانمار کے روہنگیا مسلمانوں کے بارے میں انڈونیشیا اور ترکی کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے - وزیرخارجہ نے یمن کی صورتحال کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ یمنی عوام پر مسلط کی گئی موجودہ جنگ ایک غیردانشمندانہ فیصلہ ہے- ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور یمن کی جنگ میں شریک دیگر ممالک اپنا کوئی بھی مقصد حاصل نہیں کرسکے - انہوں نے مسئلہ فلسطین کو امت اسلامیہ کے سامنے سب سے بڑا مسئلہ قراردیا اور کہا کہ سبھی مسلم ملکوں کو چاہئے کہ وہ فلسطین کے موضوع پر متحد ہوجائیں -