ایران اور دنیا کے مختلف ملکوں میں جشن ولایت
جشن عید غدیر، اسلامی جمہوریہ ایران اور دنیا کے مختلف ملکوں میں انتہائی جوش و عقیدت کے ساتھ منایا جارہا ہے- جبکہ نجف اشرف میں لاکھوں زائرین ولایت علی ابن ابیطالب کا جشن منا رہے ہیں
سنیچر کو اسلامی جمہوریہ ایران میں عید غدیر کی مناسبت سے عام تعطیل ہے اور سبھی چھوٹے بڑے شہروں کے مذہبی مقامات ، مساجد اور امامبارگاہوں میں جشن اور محلفوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ سبھی شہروں کی سڑکوں اور سرکاری و غیرسرکاری عمارتوں کو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے - عید غدیر کا جشن عشرہ ولایت کی مناسبت سے چند روز قبل سے ہی شروع ہوگیا تھا تاہم جمعے کی رات سے پورے ایران میں جشن غدیر اپنے عروج پر پہنچ گیا- اس پر مسرت موقع پر لوگ سڑکوںجگہ جگہ اسٹالیں لگا کر ایک دوسرے کو شربت اور میٹھائیاں تقسیم کررہے ہیں اور مسلمانوں کی عظیم عید کی مبارکباد پیش کررہے ہیں - عید غدیر اورعشرہ ولایت کی مناسبت سے محافل میلاد کے مرکزی اجتماعات مشہد مقدس میں فرزند رسول حضرت امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر اور قم میں جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم مطہر میں جاری ہیں - ہمارے نمائندوں نے خبردی ہے کہ مشہد مقدس اور قم میں روضوں کو بیحد خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے - مشہد مقدس اور قم کے روضے بقعہ نور بنے ہوئے ہیں - ان مقدس مقامات میں جاری محفلوں میں علما اور ذاکرین عید غدیر کی اہمیت اور فضلیت پر روشنی ڈال رہے ہیں -
غدیر خم مکہ و مدینہ کے درمیان واقع ایک علاقے کا نام ہے اور جب سرکار دوعالم حضرت محمد مصطفے صل اللہ علیہ وآلہ وسلم حجۃ الوداع کے بعد واپس لوٹ رہے تھے تو اسی مقام پر آپ نے حکم خدا وندی سے حضرت علی علیہ السلام کو اپنا جانشین اور ولی اعلان کیا - سرکار دوعالم نے اپنے آخری حج کی واپسی پر ان سبھی حاجیوں کو جنھوں نے حج میں شرکت کی تھی غدیر خم کے مقام پر جمع کیا اور حضرت علی علیہ السلام کو اللہ کے حکم سے اپنا وصی و جانشین اعلان کیا - پیغمبر اسلام کی پوری حیات طیبہ مختلف جہتوں سے اہمیت کی حامل ہے لیکن اس دوران واقعہ غدیر آّپ کی حیات مبارکہ کا ایک اہم ترین واقعہ ہے - عید سعید غدیر کو اسلامی روایتوں میں عیداللہ الاکبر کہا جاتا ہے اور اس عید کو سبھی ادیان کی سب سے بڑی عید کہا جاسکتا ہے کیونکہ اس دن سبھی پیغمبران الہی کی زحمتوں کا نتیجہ عملی شکل میں سامنے آیا تھا - عراق میں بھی مقدس مقامات اور روضوں میں عید غدیر کا جشن انتہائی شان و شوکت کے ساتھ منایا جارہا ہے- نجف اشرف میں موجود ہمارے نمائندے کا کہنا ہے کہ عید غدیر کے موقع پر عراق اور دنیا کے دیگر ملکوں کے لاکھوں زائرین بارگاہ علوی میں حاضر ہیں اور مولائے کائنات کی تاج پوشی ولایت کی سالگرہ کی مناسبت سے خود ان کے حضور ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کررہے ہیں جبکہ پاکستان اور ہندوستان سے بھی اطلاعات ہیں کہ عید غدیر کی مناسبت سے ہر طرف جشن اور محفلوں کا دورجاری ہے -