باہمی تعلقات کو فروغ دینے پر ایران اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ کی تاکید
اسلامی جمہوریہ ایران اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ نے بینکاری اور قونصل خانے کے شعبے میں تعلقات کے بارے میں بات چیت کی ہے
ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف اور برطانیہ کے وزیرخارجہ بوریس جانسن نے نیویارک میں اپنے قیام کے دوران دونوں ملکوں کے تعلقات کو مضبوط بنانےکے طریقوں کا جائزہ لیا - ایران اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ نے اس ملاقات میں باہمی تعلقات کو فروغ دینے پر تاکید کرتے ہوئے خاص طور پر بینکاری اور قونصل خانے کے شعبے میں تعلقات کے بارے میں بات چیت کی - برطانوی وزیرخارجہ نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ لندن مشترکہ جامع ایکشن پلان کی بھرپور حمایت کرتا ہے اس معاہدے پر عمل درآمد کی ضرورت پر زوردیا - ایران کے وزیرخارجہ نے بھی ایٹمی معاہدے پر ایران کی جانب سے پابندی کا حوالہ دیتے ہوئے امریکا کے ذریعے ایٹمی معاہدے پر شور و ہنگامے پر واشنگٹن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے پر سست روی کے ساتھ عمل درآمد کا ذمہ دار امریکا ہے - ایران اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ نے اپنی ملاقات میں علاقے کے مسائل منجملہ عراق، شام ، یمن ، بحرین اور افغانستان کے بحرانوں پر بات چیت کی - دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے ان ملکوں میں قتل و تشدد کی روک تھام پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کا حل بات چیت سے ہی نکالا جانا چاہئے -