تہران اور اسلام آباد کے تعلقات میں توسیع پر صدر مملکت کی تاکید
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ ایران پاکستان کے ساتھ تمام میدانوں میں تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینا چاہتاہے
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات میں اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران پاکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو خاص اہمیت کی نگاہ سے دیکھتا ہے کہا کہ تہران سبھی میدانوں میں اسلام آباد کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے - صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ حالیہ برسوں کے دوران ایران اور پاکستان کے تعلقات میں جو تحرک اورگرمجوشی پیدا ہوئی ہے تہران اس کا خیر مقدم کرتا ہے - انہوں نے کہاکہ ایران پاکستان کی انرجی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئےتیار ہے اور ساتھ ہی ہم ایران میں پاکستانی سرمایہ کاروں کی سرمایہ کاریوں کا بھی خیر مقدم کرتے ہیں - اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے سرحدی علاقوں کی توسیع و ترقی اور باہمی تعلقات کی تقویت کے لئے ضروری ہے کہ مشترکہ سرحدیں پوری طرح محفوظ اور پرامن رہیں - صدر حسن روحانی نے کہا کہ یہ پاکستان اور ایران کے تعلقات کے حق میں نہیں ہے کہ دہشت گرد عناصر پاکستان کے اندر سے آکر ایران میں دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دیں - انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو پاکستان سے توقع ہے کہ وہ دہشت گردگروہوں کا پتہ لگا کر ایران کے اندر ان کی کارروائیوں کا سد باب کرےگا- صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہاکہ پاکستان اور افغانستان کے اچھے تعلقات ایران کے لئے خاص اہمیت رکھتے ہیں- ان کا کہنا تھا کہ علاقے کی سلامتی کی تقویت کا بہترین راستہ ایران افغانستان اور پاکستان کا ایک دوسرے کے شانہ بشانہ رہنا ہے - پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ ایران ایک اہم ملک ہے اور ایران سبھی پاکستانیوں کے دلوں میں ہے تمام میدانوں میں دوطرفہ تعلقات کی توسیع اور تقویت پر زور دیا - انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان سرحدوں کی سیکورٹی کے بارے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی تشویش کو دور کرنے کی کوشش کرے گا - پاکستانی وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد نے سرحدوں کی حفاظت کے لئے فوج کو تعینات کردیا ہے -