ایٹمی معاہدے سے امریکا کے نکلنے کی صورت میں ایران اپنا آپشن استعمال کرے گا، صدر روحانی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ ایٹمی معاہدے سے امریکا کے نکلنے کی صورت میں تہران اپنا آپشن استعمال کرےگا انہوں نے کہا کہ ایٹمی معاہدہ ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے جو سب کے نفع میں ہے
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ حکومتوں دانشوروں اور دنیا والوں کے لئے امریکی حکومت کی آئندہ کی پالیسیاں کیا ہوں گی اس کے بارے میں کچھ بھی نہیں کہا جاسکتا اور یہ چیز سب سے زیادہ امریکی عوام کے لئے نقصان دہ ہے کیونکہ مستقبل کے تعلقات کی بنیاد باہمی اعتماد پر ہی استوار ہوتی ہے - صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے امریکا کے این بی سی ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو کےدوران کہاکہ امریکا کے موجودہ صدر کا لب و لہجہ اور ان کے اقدامات سبھی مثبت مواقع کو نابود کردیں گے - انہوں نے کہاکہ مشترکہ جامع ایکشن پلان ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے جو سب کے مفاد میں ہے اور اگر امریکا اس معاہدے سے باہر نکلتاہے تو پھر دنیا کے ممالک امریکا پر بھروسہ کرنا بند کردیں گے اور اس سے امریکا کو ناقابل تلافی نقصان پہنچےگا- صدر مملکت حسن روحانی نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ ایٹمی معاہدہ عالمی سطح پر تعمیری تعاون کا بہترین ذریعہ ہے کہاکہ ایٹمی معاہدے سے امریکا کے نکل جانے سے ایک نئی صورتحال پیدا ہوگی اور اس صورت میں ایران کے پاس بھی مختلف آپشنز ہوں گے اور وہ اپنے مسائل اور مفادات کے پیش نظر ان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرےگا- اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اسی طرح نیویارک میں امریکا کی خارجہ پالیسی کے دانشوروں اور تجزیہ نگاروں سے بھی ملاقات میں کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ ایٹمی معاہدے کا کوئی بھی فریق معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کرےگا- انہوں نے کہا کہ اگر ہر کوئی بین الاقوامی معاہدے کی من مانی طریقے سے خلاف ورزی کرنے لگے تو اس سے دنیا میں بے نظمی، بحران اور فوجی زور آزمائی کی صورت پیدا ہوجائے گی - اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے جاپان کے وزیراعظم شینزو آبہ سے بھی ملاقات میں کہا کہ جیسا کہ آئی اے ای اے نے اپنی آٹھ رپورٹوں میں کہا ہے ایران نے ایٹمی معاہدے کی پوری طرح پاسداری کی ہے - صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئےکہ ایٹمی معاہدے کے لئے جاپان کی ٹھوس حمایت علاقے کے امن و استحکام میں موثر ثابت ہوگی کہاکہ ایران ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی میں پہل نہیں کرے گا اور امید کرتاہے کہ باقی فریق ممالک بھی اپنے قانونی اور اخلاقی وعدوں پر عمل کریں گے- انہوں نے کہاکہ ایران اور جاپان کے مشترکہ تعاون اور سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع ہیں اور ایران تمام میدانوں میں جاپان کے ساتھ تعلقات کی توسیع کا خیر مقدم کرتا ہے - جاپان کے وزیراعظم نے بھی اس ملاقات میں کہاکہ ٹوکیو سبھی میدانوں میں تہران کے ساتھ اپنے تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے - جاپانی وزیراعظم نے ایٹمی معاہدے کی ایک بار پھر حمایت کرتے ہوئے کہاکہ ایران کا مشرق وسطی میں مرکزی رول ہے اور جاپان ایٹمی معاہدے کے سبھی فریقوں سے درخواست کرتاہے کہ وہ اپنے وعدوں پر عمل کریں - صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے نیویارک میں ناروے کی وزیراعظم سے بھی ملاقات میں کہاکہ ایران یورپی یونین کے ملکوں خاص طور پر ناروے کے ساتھ تعلقات کی توسیع کا خیر مقدم کرتا ہے- انہوں نے کہاکہ ایٹمی معاہدے کے لئے یورپی یونین کی حمایت امید افزا ہے اور یہ معاہدہ پوری دنیا کے نفع میں ہے - ناروے کی وزیراعظم ارنا سولبرگ نے بھی اس ملاقات میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ نارو ے کے تعلقات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ناروے ایران میں مشترکہ سرمایہ کے مواقع سے استفادہ کرنا چاہتاہے -