علاقے کے مسائل کے بارے میں ایران اور روس کے درمیان تعاون
ایران اور روس کے صدور نے تہران اور ماسکو کے تعلقات کے فروغ کا خیرمقدم کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے تعلقات مستقبل میں مزید فروغ پائیں گے۔
ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے پیر کے روز، روس کے صدر ولادیمیر پوتن سے ٹیلیفون پر گفتگو میں ایران، روس اور جمہوریہ آذربائیجان کے صدور کے آئندہ اجلاس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اجلاس میں تینوں ملکوں کے دلچسپی کے موضوعات پر غور کیا جائے گا۔صدر مملکت نے شام کے بارے میں ایران و روس کے مشترکہ موقف کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ اس وقت ساری دنیا کی توجہ آستانہ مذاکرات اور شام میں ایران و روس کے مشترکہ تعاون پر مرکوز ہے۔انھوں نے علاقے کے ملکوں کی ارضی سالمیت پر زور دیتے ہوئے عراق کی صورت حال کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ ایران کے لئے علاقے کی سلامتی، عراق کی ارضی سالمیت اور قومی اتحاد، خاص اہمیت رکھتا ہے اور اس سلسلے میں علاقے کے ملکوں میں ہم آہنگی اور یکجہتی موثر واقع ہوگی۔اس گفتگو میں روس کے صدر نے بھی تہران کے ساتھ تعلقات کے زیادہ سے زیادہ فروغ کے لئے ماسکو کے عزم پر زور دیا اور شام کے تعلق سے کہا کہ شام میں قیام امن اور اس ملک سے دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لئے ترکی کے ساتھ ساتھ ایران و روس کا مشترکہ تعاون بدستور جاری رہے گا۔روس کے صدر ولادیمیرپوتن نے اسی طرح حکومت عراق کی حمایت کرتے ہوئے اس ملک کی ارضی سالمیت کی ضرورت پر تاکید کی۔