Oct ۰۳, ۲۰۱۷ ۱۴:۱۲ Asia/Tehran
  • سعودی عرب خطے میں اپنی غلط پالیسیوں کی اصلاح کرے

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے جامع ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزیوں کے مقابلے میں ایران کے پاس بھی بہت سے آپیشن موجود ہیں۔ انہوں نے سعودی عرب سے اپیل کی کہ وہ خطے میں اپنی غلط پالیسیوں کی اصلاح کرے۔

الجزیرہ ٹیلی ویژن کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے جامع ایٹمی معاہدے کے حوالے سے امریکہ کی وعدہ خلافیوں پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکہ نے یہ سلسلہ جاری رکھا تو تہران بھی واشنگٹن کے غیر تعمیری اقدامات کے خلاف مختلف آپشن استعمال کرے گا۔
ایران کے وزیر خارجہ نے امریکی صدر کے اس دعوے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہ، جامع ایٹمی معاہدہ امریکہ کے مفاد میں نہیں ہے کہا کہ، ٹرمپ کا بیان غلط اطلاعات اور مفروضوں پر مبنی ہے اور دوسرے یہ بات بھی مد نظررکھنا چاہیے کہ کوئی بھی معاہدہ تمام فریقوں کے لیے آئیڈیل نہیں ہوسکتا۔
وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کی بعض شقوں سے ایران بھی خوش نہیں ہے اور یہ ایک فطری بات ہے کہ بعض چیزیں امریکہ کے خوش آئند نہ ہوں۔
انہوں نے واضح کیا کہ تما فریقوں کو یہ بات مد نظر رکھنا چاہیے کہ جامع ایٹمی معاہدہ کوئی دو طرفہ یا چند فریقی معاہدہ نہیں ہے بلکہ ایک ایسا عالمی معاہدہ ہے جو سلامتی کونسل کی قرار داد کا حصہ ہے اور اس معاہدے کے حصول کے لیے برسوں مذاکرات کیے گئے ہیں۔
وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان اختلافات کیا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پـچھلے چار برس کے دوران ایران نے بارہا باہمی اختلافات کے خاتمے اور مشکلات کے حل کے لیے اپنی آمادگی کا اعلان کیا ہے لیکن سعودی عرب کی جانب سے کبھی کوئی مثبت قدم نہیں اٹھایا گیا۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے تعلقات میں پائی جانے والی کشیدگی کو جاری نہیں رہنا چاہیے اور ہم سمجھتے ہیں کہ تہران اور ریاض کو اپنی سلامتی کو کمزور کرنے کے بجائے اسے مضبوط بنانے کے لیے خطے میں تعاون کو مضبوط بنانے کی سمت قدم بڑھانا چاہیں۔
محمد جواد ظریف نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ خلیج فارس کے علاقے میں سعودی عرب کا موقف درست نہیں ہے اور قطر کے حوالے سے سعودی عرب کی پالیسیاں اس کی واضح مثال ہیں۔
ایران کے وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ تہران دیگر ملکوں کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور تمام ملکوں کی مسلمہ عالمی سرحدوں کے تحفظ پر زور دیتا ہے
محمد جواد ظریف نے خطے کے ملکوں کو تقسیم کرنے کی کوششوں کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطے کے ملکوں کی جغرافیائی سرحدوں میں کسی بھی قسم کی تبدیلی خطے کے استحکام اور اس کی سلامتی کے لئے سنگین خطر ہے۔

ٹیگس