Oct ۰۳, ۲۰۱۷ ۱۷:۱۲ Asia/Tehran
  • علاقائی بحران کو سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے پر زور

ایران اور قطر نے علاقائی بحرانوں کو سفارتی طریقے سے حل کیے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے منگل کے روز دوحہ میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی اور علاقائی بحرانوں کو سفارتی طریقے سے حل کئے جانے کی ضرورت پر زوردیا۔ ایران کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ خطے میں جاری کسی بھی بحران کا فوجی حل نہیں ہے بلکہ ان بحرانوں کو باہمی مذاکرات اور گفتگو کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔
ایرا ن کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ تہران سمجھتا ہے کہ اجتماعی سلامتی اوراستحکام کے لیے سب کو مل کر کوشش کرنا چاہیے۔ محمد جواد ظریف نے ایک بار پھرتہران کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران تمام ہمسایہ ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔ انہوں نے ایران اور قطر کے درمیان تمام شعبوں میں تعلقات کے فروغ پر بھی زور دیا۔
قطر کے شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے بھی علاقائی معاملات میں ایران کے موقف کا خیر مقدم کرتے ہوئے خطے کے بحرانوں کو سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے دوحہ اور تہران کے درمیان تمام شعبوں میں تعلقات کے فروغ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران سمیت خطے کے ملکوں کے ساتھ صلاح مشورے کا عمل جاری رکھا جائے گا۔
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اس سے قبل اپنے قطری ہم منصب شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی سے بھی ملاقات اور گفتگو کی اور باہمی دلچسپی کے تمام معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

ٹیگس