ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان کا دورہ تہران
ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ اسلامی جمہوریہ ایران کے سرکاری دورے پر تہران پہنچے جہاں سعد آباد کمپلیکس میں صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
مہمان صدر کی استقبالیہ تقریب میں دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے اور فوج کے چاق و چوبند دستے نے دونوں ملکوں کے صدور کو سلامی پیش کی-
استقبالیہ تقریب کے بعد دونوں ملکوں کے صدور نے اہم ترین علاقائی اور عالمی مسائل پر بات چیت کی-
ترک صدر کے تہران میں قیام کے دوران دونوں ملکوں کے سربراہوں کی صدارت میں ایران اور ترکی کے اعلی وفود اور اسٹریٹیجک تعاون کی اعلی کونسل کا بھی اجلاس ہو گا جس میں اہم علاقائی اور عالمی مسائل کے ساتھ ساتھ عراقی کردستان میں ریفرنڈم کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کا بھی جائزہ لیا جائے گا-
اعلی سطحی وفود کے مذاکرات اور اجلاس کے بعد ایران اور ترکی کے درمیان متعدد سمجھوتوں پر دستخط ہوں گے-
پروگرام کے مطابق دونوں ملکوں کے صدور کی موجودگی میں اعلی سطحی وفود کے مذاکرات کے بعد ایران اور ترکی کے صدور ایک مشترکہ پریس کانفرس سے بھی خطاب کریں گے-