Oct ۲۱, ۲۰۱۷ ۱۰:۲۶ Asia/Tehran
  • ایران: افغان نمازیوں پر حملوں کی مذمت

اسلامی جمہوریہ ایران نے افغانستان کے شہرکابل اورغور میں واقع مساجد پر ہولناک دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس واقعے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیاہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کابل اورصوبہ غور کے ضلع دولینہ کی مساجد پر خودکش حملوں کے نتیجے میں شہید ہونے والے نمازیوں کے اہل خانہ، افغان قوم اورحکومت کے ساتھ تعزیت کرتے ہوئے شہدا کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا.

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ ان ہولناک کارروائیوں میں ملوث تکفیری عناصر کا اصل مقصد ہمسایہ ملک میں مذہبی اختلافات اور بدامنی کو ہوا دینا ہے.

بہرام قاسمی نے کہا کہ بعض عالمی قوتوں کے مخالف عزائم کے باوجود افغانستان میں تشدد، جرائم، دہشتگردی اور بدامنی کے مکمل خاتمے تک اسلامی جمہوریہ ایران افغانستان کی بہادر قوم اورحکومت کے شانہ بشانہ کھڑا ہے.

واضح رہے کہ کل رات افغانستان میں دو مساجد پر دہشتگردوں کی جانب سے خودکش حملے کئے گئے جن میں میں کم از کم 72 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے .

کابل میں واقع امام زمانہ (عج) مسجد پر ہونے والے خود کش حملے میں 39 نمازی جبکہ صوبہ غور کی جامع مسجد پر ہونے والے حملے میں 33 افراد شہید ہو گئے.

 

ٹیگس