مصطفی خمینی کے انقلابی اقدامات
بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کے صاحبزادے مرحوم آیت اللہ مصطفی خمینی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے کانفرنس سے صدر مملکت نے خطاب کیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرڈاکٹرحسن روحانی نے آج پیر کے روز مرحوم آیت اللہ مصطفی خمینی کی چالیسویں برسی کے موقع پرمصطفی خمینی میموریل کانگریس کی جانب سے تہران میں منعقدہ قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کے بڑےصاحبزادے مرحوم آیت اللہ مصطفی خمینی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی حیات میں ایسی بے مثال خدمات انجام دیں جس نے ان کو انقلابی عوام کیلئے امید کا مرکز بنادیاتھا۔
صدر مملکت نے کہا کہ اسلامی انقلاب کے لئے مرحوم آیت اللہ مصطفی خمینی کی خدمات مثالی تھیں یہاں تک کہ اگر کوئی یہ سوچتا کہ اگرایک دن بانی انقلاب اسلامی ہمارے درمیان نہ ہوتے تو کم سے کم مرحوم آیت اللہ مصطفی خمینی جیسی بے مثال شخصیت ہے جو انقلابی تحریک کو اپنی منزل تک پہنچاسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس اور انقلابی تحریک کے میدان میں بانی انقلاب اسلامی کے صاحبزادے کی صلاحیت اور شخصیت بے مثال تھی.
واضح رہے کہ رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کل مرحوم آیت اللہ الحاج سید مصطفی خمینی کی رحلت کی چالیسویں برسی کی مناسبت سے ان کی یاد میں کانفرنس کا انعقاد کرنے والے کمیٹی کے ارکان سے خطاب میں فرمایا تھا کہ مرحوم آیت اللہ مصطفی خمینی علمی استعداد و جرائت، تہذیب نفس، شجاعت اور مجاہدانہ افکار کے لحاظ سے ایک ممتاز انسان تھے اور ان کے علمی اور نظریاتی مقام و مرتبے کو آج کے معاشرے اور موجودہ نسل تک پہنچانا نہایت ضروری کام ہے۔
رہبرانقلاب اسلامی نے 1963 میں حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی گرفتاری کے حادثے کے وقت مرحوم مصطفی خمینی کی جانب سے امام خمینی کے لئے فداکاری کا مظاہرہ کئے جانے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ مرحوم مصطفی خمینی نے اس وقت حضرت معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم کے صحن میں انقلابیوں کو اکٹھا کرکے ایک بڑا اور دلیرانہ کام انجام دیا اور یوں انہوں نے عوامی احتجاج کی مدبرانہ انداز میں قیادت کی۔