Oct ۲۳, ۲۰۱۷ ۱۳:۵۵ Asia/Tehran
  • ایٹمی معاہدے کے سلسلے میں امریکا بہانے بازی کر رہا ہے، ایران

اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ امریکا ایٹمی معاہدے کے سلسلے میں مسلسل بہانے بازی کر رہا ہے۔

اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب غلام علی خوشرو نے ایٹمی معاہدے کے بارے میں امریکی اقدامات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی حکام بہانے بازی کر رہے ہیں-

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے وائس آف امریکا سے گفتگو میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ امریکی حکام نے بارہا اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ ایران نے ایٹمی معاہدے کی پابندی کی ہے لیکن امریکی صدر کچھ اور بات کرتے ہیں، کہا کہ امریکا اور خاص طور پر موجودہ امریکی انتظامیہ بہانے بازی کر رہی ہے اور ایران کے خلاف پابندیوں کی دھمکیاں دے رہی ہے اور اس طرح کے اقدامات ایٹمی معاہدے کے متن سے ہرگز مطابقت نہیں رکھتے-

غلام علی خوشرو نے کہا کہ ایٹمی معاہدے کے سبھی فریقوں کو معاہدے کی سبھی شقوں پر عمل کرنا ہو گا اور اگر کوئی ملک اپنے وعدے کی پابندی نہیں کرے گا تو ایران بھی اس معاہدے میں باقی نہیں رہے گا-

  اقوام متحدہ میں ایران کے مندوب نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایٹمی معاہدے پر اب دوبارہ مذاکرات نہیں ہو سکتے، کہا کہ کوئی بھی ملک معاہدے کے متن میں نہ تو کچھ اضافہ کر سکتا ہے اور نہ ہی کچھ کم کر سکتا ہے-

انہوں نے مشرق وسطی میں امریکی اقدامات کی جانب بھی اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقے اور دنیا کے بہت سے ممالک حتی خود امریکا میں لوگ عراق، شام اور یمن میں امریکی اقدامات سے ناراض ہیں کیونکہ اس طرح کے اقدامات کی بھاری قیمت ادا کرنا ہوتی ہے اور یہ اقدامات انتہائی خطرناک ہوتے ہیں-

ایران کے مستقل مندوب نے صراحت کے ساتھ کہا کہ ایران مشرق وسطی میں امریکی پالیسیوں کی کسی بھی قیمت پر حمایت نہیں کرے گا-

 

ٹیگس