Oct ۲۳, ۲۰۱۷ ۱۸:۱۶ Asia/Tehran
  • ایرانی فوج اور سپاہ پاسداران کا اتحاد دشمنوں کے مقابلے میں مضبوط مورچہ

ایران کی برّی فوج کے کمانڈر نے کہا ہے کہ ایران میں فوج اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی میں اتحاد و یکجہتی اس نوعیت کی ہے کہ دشمن ان میں اختلاف پیدا کرنے کی سوچ بھی نہیں سکتا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی برّی فوج کے کمانڈر بریگیڈیر جنرل کیومرث حیدری نے پیر کے روز تہران میں فوج اور سپاہ کے درمیان اتحاد و یکجہتی سے متعلق منعقدہ کانفرنس سے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ اتحاد و یکجہتی، ایران کی مسلح افواج میں قلبی عقیدے کی حیثیت رکھتی ہے۔انھوں نے تہران میں اس کانفرنس کے انعقاد کے مقصد کے بارے میں کہا کہ یہ کانفرنس امریکی صدر ٹرمپ کی بیہودہ گوئی کے جواب میں منعقد کی گئی ہے۔بریگیڈیر جنرل کیومرث حیدری نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ فوج اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی میں اتحاد و یکجہتی سے متعلق کانفرنس کے انعقاد کا مقصد عالمی استکبار کے مقابلے میں ایران کی مسلح افواج میں پائی جانے والی ہمدلی اور اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہے، زور دے کر کہا کہ دشمن نے اگر سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی اہانت کرنے کی کوشش بھی کی تو اسے سب سے پہلے ایران کی فوج کا سامنا کرنا ہو گا۔ایران کی برّی فوج کے کمانڈر بریگیڈیر جنرل کیومرث حیدری نے تاکید کے ساتھ کہا کہ ایک  الہی لشکر کی حیثیت سے فوج اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی میں اتحاد و یکجہتی نے اسلامی نظام کے دوستوں اور حامیوں کے دلوں میں امید، اور اسلامی انقلاب کے دشمنوں میں مایوسی پیدا کردی ہے۔سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بّری فوج کے کمانڈر بریگیڈیر جنرل محمد پاکپور نے بھی کہا ہے کہ ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی سے ہی ایران کی مسلح افواج میں مکمل اتحاد و یکجہتی قائم رہی ہے اور مکمل ہمدلی کے ساتھ یہ اتحاد و یکجہتی، آئندہ بھی جاری رہے گی۔انھوں نے کہا کہ یہی اتحاد دشمنوں کے مقابلے میں ایک اہم دفاعی عامل شمار ہوتا ہے۔بریگیڈیر جنرل محمد پاکپور نے مختلف ثقافتی، سیاسی اور اقتصادی شعبوں میں دشمنوں کی سازشوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی مسلح افواج کے سلسلے میں دشمن کبھی بھی اپنی سازش میں کامیاب نہیں ہو سکا ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران تمام بحرانوں کے مقابلے میں ہمیشہ متحد رہا ہے۔انھوں نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ ایران نے شام و عراق میں امریکی سازشوں اور منصوبوں پر پانی پھیر دیا، کہا کہ امریکی ہرگز نہیں چاہتے کہ علاقے میں امن پایا جائے۔سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بری فوج کے کمانڈر بریگیڈیر جنرل محمد پاکپور نے عراقی کردستان میں علیحدگی سے متعلق کرائے جانے والے ریفرنڈم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکیوں نے جب عراق میں داعش دہشت گرد گروہ کا زوال دیکھا تو کردستان کی علیحدگی کا مسئلہ پیدا کر دیا تاکہ عراق میں جنگ و بدامنی کا سلسلہ جاری رکھا جا سکے۔

ٹیگس