انسداد منشیات کے میدان میں ایران اور پاکستان کے درمیان تعاون پر زور
اسلامی جمہوریہ ایران کے ڈپٹی چیف آف پولیس کوآرڈینیٹر نے منشیات اور اس سے پیدا ہونے والی مشکلات کے خلاف مہم میں ایران اور پاکستان کے مابین تعاون کو زیادہ سے زیادہ تقویت دینے پر زور دیا ہے۔
ایران کے ڈپٹی چیف آف پولیس کوآرڈینیٹر بریگیڈیر محسن فتحی زادہ نے تہران میں پاکستان کی اینٹی نارکوٹیکس فورس کے ڈی جی میجرجنرل مسرت نواز ملک سے ملاقات میں کہا کہ افغانستان میں، جو ایران اور پاکستان دونوں کا ہمسایہ ملک ہے، پوری دنیا میں سب سے زیادہ منشیات کی کاشت ہوتی ہے-
ان کا کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان کو منشیات کے اسمگلروں کے نیٹ ورک اور مافیاؤں کے سرغنوں کے خلاف مشترکہ کارروائی کرنی چاہئے اور اس سلسلے میں اطلاعات و معلومات کا تبادلہ ہونا چاہئے-
ایران کے ڈپٹی چیف آف پولیس کوآرڈینیٹر محسن فتحی زادہ نے کہا کہ مشترکہ کارروائیوں کے لئے ایران اور پاکستان کے درمیان تعاون اور اتحاد ضروری ہے-
پاکستان کی اینٹی نارکوٹیکس فورس کے ڈی جی میجرل جنرل مسرت نواز ملک نے بھی افغانستان میں منشیات کی کاشت میں اضافے اور اس کے نتائج پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان سے ایران اور پاکستان میں منشیات کی اسمگلنگ کا معاملہ دونوں ملکوں کے لئے ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے-
پاکستان کی اینٹی نارکوٹیکس فورس کے ڈی جی نے ایران کے ساتھ تعلقات کی توسیع پر زور دیا اور کہا کہ اسلام آباد انسداد منشیات کے میدان میں ایران کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتا ہے-